انڈین اداکار اور فلم ساز عامر خان نے اپنی نئی فلم ’ستارے زمین پر‘ کی ریلیز کے لیے روایتی اسٹریمنگ پلیٹ فارمز کو نظرانداز کرتے ہوئے فلم کو صرف یوٹیوب موویز آن ڈیمانڈ پر پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ فلم عامر خان کی 2007 میں بننے والی مشہور فلم ’تارے زمین پر‘ کا تسلسل (سیکول) سمجھی جا رہی ہے۔ فلم میں عامر خان کے ساتھ جنیلیا ڈی سوزا نے مرکزی کردار ادا کیا ہے جبکہ 10 ذہنی معذوریوں کا شکار اداکار بھی کاسٹ کا حصہ ہے۔ فلم کے ہدایتکار آر ایس پرسنا اور مصنف دیوی ندھی شرما ہیں۔
عامر خان نے اس فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے ایک انٹرویو میں کہا کہ 15 سال قبل مجھے یہ احساس ہوا کہ ہماری کامیاب فلمیں جیسے تھری ایڈیٹس یا دنگل کو انڈیا میں صرف دو سے تین فیصد لوگ سینما میں دیکھ پاتے ہیں تو سوال یہ ہے کہ باقی 97 سے 98 فیصد تک کیسے پہنچا جائے۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں ایک اسٹریمنگ کمپنی نے 14 کروڑ 30 لاکھ روپے کی پیشکش کی تھی لیکن انہوں نے اسے مسترد کرتے ہوئے یوٹیوب کے پی پر ویو ماڈل کو ترجیح دی۔ میرا خیال ہے کہ سبسکرپشن ماڈلز طویل مدت کے لیے مالی طور پر پائیدار نہیں ہیں۔

عامر خان نے یہ بھی کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں میں اضافہ انٹرنیٹ کی بہتر رسائی اور اسمارٹ فونز کے عام ہونے نے اس ماڈل کو ممکن بنایا ہے۔انڈیا الیکٹرانک ادائیگیوں میں دنیا کا نمبر ایک ملک بن چکا ہے۔
یوٹیوب انڈیا کی کنٹری منیجنگ ڈائریکٹر گنجن سونی کے مطابق عامر کا وژن اور ان کی عوام تک رسائی کو آسان بنانے کی سوچ یوٹیوب کے مشن سے ہم آہنگ ہے۔
یوٹیوب نے عامر خان پروڈکشن کو کوئی پیشگی رقم ادا نہیں کی بلکہ آمدنی کا ماڈل مکمل طور پر ریونیو شیئرنگ پر مبنی ہے۔
مزید پڑھیں: دہشتگردی اور بگڑتی سیاسی صورتحال، بلوچستان میں بیرونی مداخلت زمینی حقائق پر کیسے اثرانداز ہو رہی ہے؟
عامر خان کا کہنا ہے کہ اگر ایک گھرانے کے چار افراد فلم دیکھتے ہیں تو فی کس لاگت صرف 25 روپے بنتی ہے جو ان کے مطابق ناظرین اور فلم ساز دونوں کے لیے فائدہ مند ہے۔
انہوں نے اس ماڈل کو صرف ایک تجربہ قرار نہیں دیا بلکہ کہا کہ وہ آئندہ اپنی فلموں کی ریلیز کے لیے اسی طریقہ کار کو اپنانا چاہتے ہیں۔ ان کے بقول میں چاہتا ہوں کہ فلم کی سنیما ریلیز ہو اور اس کے بعد اسے یوٹیوب پر ویڈیو آن ڈیمانڈ کی صورت میں پیش کیا جائے۔
عامر خان کے مطابق یہ ماڈل نئے فلم سازوں کے لیے بھی فائدہ مند ہو سکتا ہے جو سنیما ریلیز یا بڑے پلیٹ فارمز تک رسائی حاصل نہیں کر پاتے۔
یوٹیوب کے مطابق ان کے پلیٹ فارم پر روزانہ سات ارب سے زائد تفریحی ویڈیوز دیکھی جاتی ہیں۔
واضع رہے کہ فلم یکم اگست سے دستیاب ہو گی اور صارفین اسے انڈیا میں 100 روپے جبکہ دیگر 37 ممالک میں مقامی قیمت پر کرایے پر حاصل کر سکیں گے۔