Follw Us on:

نو مئی مقدمات: عمر ایوب، شبلی فراز اور زرتاج گل سمیت 108 افراد کو سزائیں، کون کون بری ہوا؟

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Pti
فیصل آباد میں فوجی تنصیبات، ٹریفک پولیس کی چوکیاں اور دیگر املاک کو نشانہ بنایا گیا۔ (فوٹو: ڈان نیوز)

فیصل آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے مقدمات میں تحریک انصاف کے رہنماؤں عمر ایوب، شبلی فراز اور زرتاج گل سمیت 108 افراد کو قید کی سزائیں سنا دیں۔

عدالت نے شبلی فراز، عمر ایوب، زرتاج گل اور حامد رضا کو 10، 10 سال قید کی سزا دی جبکہ افضل ساہی کو تین سال قید کی سزا سنائی گئی۔ عدالت نے فواد چوہدری، زین قریشی اور خیال کاسترو کو مقدمے سے بری کر دیا ہے۔

یہ فیصلے تین مختلف مقدمات کے تحت سنائے گئے جن میں قومی اسمبلی کے آٹھ ارکان، سینیٹ کے کئی اراکین، چھ سے زائد صوبائی اسمبلی کے اراکین اور تقریباً 260 کارکنان شامل تھے۔ ان مقدمات میں ویڈیو شواہد، کال ریکارڈز اور گواہوں کے بیانات عدالت میں پیش کیے گئے۔

9 مئی کو سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوا تھا، جو کئی مقامات پر پُرتشدد رخ اختیار کر گیا۔

فیصل آباد میں فوجی تنصیبات، ٹریفک پولیس کی چوکیاں اور دیگر املاک کو نشانہ بنایا گیا۔ ان واقعات پر انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کیے گئے۔

9 may
عدالتی فیصلوں کے بعد پی ٹی آئی نے انہیں سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے اعلیٰ عدلیہ سے انصاف کی اپیل کی ہے۔ (فوٹو: ڈان نیوز)

عدالتی فیصلوں کے بعد پی ٹی آئی نے انہیں سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے اعلیٰ عدلیہ سے انصاف کی اپیل کی ہے۔ شبلی فراز اور عمر ایوب نے چیف جسٹس آف پاکستان کو خطوط لکھ کر ان مقدمات میں شفاف ٹرائل نہ ہونے، سرکاری وکلاء کی زبردستی تقرری، اور بند کمرے میں سماعت جیسے نکات پر اعتراض اٹھایا ہے۔

عمر ایوب نے چیف جسٹس سے ملاقات کے لیے پشاور رجسٹری میں وقت دینے کی درخواست بھی کی ہے، جس پر چیف جسٹس نے آمادگی ظاہر کی ہے۔

چند روز قبل سرگودھا کی انسدادِ دہشت گردی عدالت بھی 9 مئی کے مقدمے میں اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر، احمد چیٹھا، بلال اعجاز اور دیگر 32 افراد کو دس، دس سال قید کی سزا دے چکی ہے۔ عدالت نے ان پر ریاستی و عوامی املاک کو نقصان پہنچانے اور تشدد پر اکسانے کے الزامات ثابت قرار دیے تھے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے عدالتی فیصلوں کو اعلیٰ عدالتوں میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ حکومتی مؤقف یہ ہے کہ تمام عدالتی کارروائیاں قانون کے مطابق اور شفاف طریقے سے مکمل کی گئی ہیں۔

ذہن نشیں رہے کہ ان فیصلوں کے بعد پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری اور ممکنہ نااہلی کی بازگشت بھی سنائی دے رہی ہے، جس سے سیاسی منظرنامہ مزید کشیدگی کا شکار ہو سکتا ہے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس