پاکستان نے تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کو 14 رنز سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔
یہ میچ امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر لاؤڈرہل میں کھیلا گیا، جہاں ویسٹ انڈین کپتان شائے ہوپ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔ صائم ایوب نے 57 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ فخر زمان نے 28 رنز بنائے۔
دیگر بیٹرز میں حسن نواز نے 24، فہیم اشرف نے 16 اور صاحبزادہ فرحان نے 14 رنز اسکور کیے۔ کپتان سلمان علی آغا 11 اور محمد حارث 6 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے شیمار جوزف نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ جیسن ہولڈر، عقیل حسین اور روماریو شیفرڈ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈین ٹیم 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز تک محدود رہی۔
پاکستان کی طرف سے محمد نواز نے 3 وکٹیں حاصل کیں، صائم ایوب نے 2 جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور سفیان مقیم نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کی ٹیم میں اس میچ کے لیے جن کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا، ان میں صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، فخر زمان، محمد حارث، سلمان علی آغا، حسن نواز، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، حارث رؤف اور سفیان مقیم شامل تھے۔