انڈین خبررساں ادارے ‘دی انڈین ایکسپریس’ کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے بنگلہ دیشی اداکارہ شانتا پال کو کلکتہ میں گرفتار کر لیا، جوکہ مبینہ طور پر 2023 سے انڈیا میں غیرقانونی طریقے سے رہائش پذیر تھیں۔
کلکتہ پولیس کے مطابق شانتا پال نے بنگلہ دیش میں ماڈلنگ کے کئی مقابلے جیتے ہیں اور 2023 سے جادھو پور کے بیجوئے گڑھ میں کرائے کے اپارٹمنٹ میں رہ رہی تھیں۔ شانتا کو پارک اسٹریٹ پولیس اسٹیشن کے افسران نے گرفتار کیا ہے۔
گرفتاری کے بعد پولیس نے ان کے اپارٹمنٹ کی تلاشی کے دوران متعدد شناختی دستاویزات برآمد کیے، جن میں دوکاریڈیٹ کارڈ،ووٹرائی ڈی،بنگلہ دیشی ثانوی امتحان کارڈ،بنگلہ دیش میں جاری کردہ ایئر لائن کی شناخت اور دیگر دستاویزات بھی شامل تھے۔

شانتا پال کو بدھ کو ایک عدالت میں پیش کیا گیا تھا، عدالت نے اسے آٹھ اگست تک پولیس کی تحویل میں دے دیا ہے۔ آندھرا پردیش میں رہنے والے اس کے شوہر سے بھی تفتیش جاری ہے۔
یاد رہے کہ شانتا کی اصل رہائش بنگلہ دیش کے شہر باریسال میں ہے۔ 28سالہ شانتا پال نے بنگلہ دیش میں مقابلہ حسن جیتنے کے بعد 2019 میں کیرالہ میں ہونے والے مس ایشیا گلوبل مقابلے میں حصہ لیا تھا، اب وہ پیشے سے ایک اداکارہ اورماڈل ہیں۔