گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے لوگ محرومیوں کا شکار ہیں اور پنجاب کے وسائل صرف لاہور میں ہی استعمال ہورہے ہیں۔
گورنر پنجاب نے بہاولپور کا آج دورہ کیا اور بہاولپور بار تشریف لائے، جہاں ان کا وکلاء برادری نے بھرپور استقبال کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ وکلاء برادری کی قدر کی عزت دی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی جب اقتدار میں آتی ہے تو وکلاء کے مسائل حل کرتی ہے۔ جنوبی پنجاب پنجاب کے لوگ محرومیوں کا شکار ہیں اور آپ کی محرومیوں کا ازالہ اس کے علاوہ نہیں ہو سکتا کہ آپ کا صوبہ علیحدہ بنایا جائے۔

سردار سلیم حیدر نے کہا کہ میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ اگر جنوبی پنجاب کی عوام پیپلزپارٹی کو پنجاب اسمبلی میں اکثریت دلوائیں اور آپ کے صوبے کے لئے پیپلزپارٹی نہ کھڑی ہو آپ کا صوبہ نہ بنائے تو میں پارٹی اور سیاست چھوڑ دوں گا۔ گارنٹی دیتا ہوں پیپلزپارٹی بہاولپور صوبے کے لیے ووٹ دے گی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب بہت بڑا صوبہ ہے۔ پنجاب کے وسائل صرف لاہور میں استعمال ہو رہے ہیں۔ میں پنجاب کے دوسرے کونے اٹک سے ہوں۔ دعوے سے کہتا ہوں اٹک میں جا کر دیکھ لیں نہ ہسپتالوں میں ڈاکٹر ہیں, نہ کسی سکول میں ٹیچر ہے نہ کوئی سڑک ہے, نہ کوئی ترقیاتی منصوبے ہیں۔ بہاولپور کی طرح اٹک بھی محرومیوں کا شکار ہے۔