ارسلان ایش نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ ٹیکن گیم کے بے تاج بادشاہ کیوں سمجھے جاتے ہیں۔ انہوں نے لاس ویگاس میں شاندار اور ناقابلِ شکست مہم کے ساتھ EVOچیمپئن شپ 2025 اپنے نام کر لی یہ ان کے کیریئر کا چھٹا ایوو ٹائٹل ہے۔
عصاب شکن ارسلان ایش نے آل پاکستانی گرینڈ فائنل میں اپنے ہم وطن اور ابھرتے ہوئے ٹیکن کھلاڑی عاطف بٹ کو شکست دی۔ پہلا سیٹ ہارنے کے بعد، انہوں نے دوسرا سیٹ تین ایک سے جیت کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
اس کامیابی کے ساتھ انہیں بارہ ہزار امریکی ڈالر کی انعامی رقم اور آٹھ سو اضافی عالمی درجہ بندی پوائنٹس ملے جبکہ دوسرے نمبر پر آنے والے عاطف بٹ کو چھ ہزار امریکی ڈالر کی انعامی رقم ملی۔
مزید پڑھیں: آسٹریلیا: تین لاکھ افراد کا غزہ میں امن کے لیے مارچ، انسانی بحران کے خاتمے اور امداد کی ترسیل کا مطالبہ
ایوو 2025 کے آخری نتائج نے دنیا میں ٹیکن کے بدلتے ہوئے منظر نامےکو واضح کر دیا۔ پاکستان کی پہلی اور دوسری پوزیشن کے بعد، جاپان کے چکورین تیسرے اور جنوبی کوریا کے مول گولڈ چوتھے نمبر پر رہے۔ دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں لوہائی، نوبی، میو اِل، اور جے ڈی سی آر شامل تھے۔
یا د رہے کہ ارسلان ایش اب تک ٹیکن سات اور آٹھ میں چھ ایوو ٹائٹلز اپنے نام کر چکے ہیں ۔ دوسری جانب عاطف بٹ کی شاندار کارکردگی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کے پاس اب دو مختلف نسلوں کے ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو ٹیکن کی دنیا پر راج کرنے کے لیے تیار کھڑے ہیں۔
واضح رہے کہ کئی سالوں سے جنوبی کوریاٹیکن کے منظر نامے پر سرفہرست رہا ہے لیکن ارسلان کی وجہ سے اب یہ منظر نامہ یکسر تبدیل ہو چکا ہے۔