پاکستان کے شہر کراچی سے تعلق رکھنے والی قمر محسن شیخ نے انڈین وزیراعظم نریندر مودی کو راکھی باندھنے کے لیے دو ہاتھ سے بنی ہوئی راکھیاں تیار کر لی ہیں۔ قمر محسن شیخ 1981 میں انڈیا منتقل ہو گئی تھی اور تب سے ہر سال وزیراعظم مودی کو راکھی باندھ رہی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ کبھی بھی بازار سے راکھی نہیں خریدتیں بلکہ ہمیشہ اپنے ہاتھوں سے بناتی ہیں اور پھر اس میں سے ایک راکھی منتخب کر کے وزیراعظم مودی کو باندھتی ہیں۔ اس بار انہوں نے ‘اوم’ اور ‘بھگوان گنیش’ کے ڈیزائن والی دو راکھیاں تیار کی ہیں۔
قمر شیخ نے اپنی اور مودی کی پہلی ملاقات کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ اس وقت مودی راشٹریہ سویم سیوک سنگھ آر ایس ایس کے کارکن تھے اور انہوں نے ان سے حال چال پوچھا تھا۔ یہ مختصر گفتگو آج تین دہائیوں پر محیط ایک رشتہ بن چکی ہے۔
انہوں نے ایک اور واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایک مرتبہ رکشا بندھن پر انہوں نے دعا کی تھی کہ مودی گجرات کے وزیراعلیٰ بنیں اور جب یہ دعا قبول ہوئی تو مودی نے ان سے سوال کیا کہ اب کیا دعا دیں گی؟

اس پر قمر شیخ نے کہا تھا کہ وہ چاہتی ہیں کہ مودی انڈیا کے وزیراعظم بنیں اور آج مودی تیسری بار اس منصب پر فائز ہیں۔
اس سال قمر شیخ دہلی جانے میں کامیاب نہیں ہو سکیں گی لیکن وہ امید کر رہی ہیں کہ وزیراعظم آفس سے انہیں دعوت ملے گی تاکہ وہ اپنے شوہر کے ہمراہ دہلی جا کر راکھی باندھنے کی اپنی روایت کو جاری رکھ سکیں۔
قمر شیخ نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ نریندر مودی کی صحت و سلامتی کے لیے دعا گو ہیں اور چاہتی ہیں کہ وہ چوتھی بار بھی ملک کی خدمت کریں۔