امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیٹوں کی نئی کاروباری کمپنی نے امریکی حکومت سے مالی فوائد حاصل کرنے کے بیان پر وضاحت کے بجائے اپنا موقف ہی تبدیل کر لیا۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق نیو امریکا ایکوزیشن ون کارپوریشن نامی کمپنی، جو ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر اور ایرک ٹرمپ کی زیر قیادت ہے، نے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن میں جمع کرائی گئی اپنی فائلنگ میں تحریر کیا تھا کہ وہ ایسی کمپنی خریدنے کی خواہش رکھتی ہے جو امریکی حکومت سے مالی امداد، ٹیکس میں چھوٹ اور دیگر مراعات حاصل کر سکتی ہو۔
خبر رساں ادارے کے مطابق جب انہوں نے کمپنی سے اس بیان پر وضاحت طلب کی تو کمپنی نے جواب دینے کے بجائے متعلقہ بیان ہی اپنی دستاویزات سے ہٹا دیا۔
قانونی ماہر کیتھلین کلارک نے اس اقدام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صرف جملہ ہٹا دینا کافی نہیں، کیونکہ اس سے اصل نیت چھپ نہیں سکتی۔ ان کے بقول، یہ تاثر ابھرتا ہے کہ ذاتی مفادات کے لیے سرکاری اثر و رسوخ کو استعمال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
مزید پڑھیں:امریکی ایلچی وٹکوف کی پوتن سے تین گھنٹے ملاقات، کیا امریکا روس پر پابندیاں عائد کرے گا ؟
یاد رہے ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا کمپنی واقعی حکومتی مراعات حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے یا نہیں۔ اس حوالے سے ٹرمپ آرگنائزیشن نے کوئی ردعمل نہیں دیا۔