بلوچستان حکومت نے موبائل انٹرنیٹ سروس 31 اگست تک بند رکھنے کیلئے مراسلہ جاری کردیا، تھری جی اور فورجی سروسز بند کی جا رہی ہیں۔
بلوچستان بھر میں تھری جی اور فورجی موبائل انٹرنیٹ سروسز کی بندش کا آج دوسرا روز ہے، جس کے باعث صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، سروسز کی بندش محکمہ داخلہ بلوچستان کی سفارش پر عمل میں لائی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کیے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر بلوچستان کے تمام اضلاع میں موبائل انٹرنیٹ سروسز بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: تین براعظموں پر محیط سروے: اکثریت اسرائیل کو اسلحہ کی فروخت بند کرنے کی حامی
صوبائی حکام کے مطابق یہ فیصلہ سیکیورٹی انتظامات کو بہتر بنانے کے مقصد سے کیا گیا ہے۔ جب کہ اس فیصلے سے صوبے بھر کے صارفین کو روزمرہ زندگی میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
انٹرنیٹ کی بندش سے طلبا، کاروباری حضرات، فری لانسرز اور عام شہریوں کی بڑی تعداد متاثر ہو رہی ہے۔ بینکنگ سروسز، آن لائن کلاسز، سرکاری و نجی دفاتر کی رابطہ کاری، اور معلومات تک رسائی میں شدید رکاوٹ آرہی ہے۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں ماضی میں بھی سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر موبائل انٹرنیٹ بند کی جاتی رہی ہے، تاہم اس بار بندش کے ممکنہ طویل دورانیے نے عوامی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔