محکمہ موسمیات نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے، جب کہ صبح اور رات کے اوقات میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش برسنے کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ جب کہ دیر، سوات، بونیر، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، نوشہرہ، مردان، مالاکنڈ، خیبر، مہمند، باجوڑ، اورکزئی، کوہاٹ، کرم اور ہنگو میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
پنجاب کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، جب کہ شام اور رات کے اوقات میں راولپنڈی، مری، گلیات، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، جہلم، اٹک، چکوال، خوشاب اور ان کے گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، جب کہ سندھ میں موسم گرم اور حبس زدہ رہے گا۔ کراچی اور دیگر ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
مزید پڑھیں:پنجاب میں گرمیوں کی چھٹیوں میں اضافہ، اسکول کب کھلیں گے؟
آج ملک کے مختلف حصوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بھی ریکارڈ کیا گیا ہے، جس میں دالبندین اور نوکنڈی 44 ڈگری سینٹی گریڈ، سبی 43، دادو اور بھکر میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ شامل ہیں۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ موسم کی شدت کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔