بالی ووڈ اداکارہ ہما قریشی کے کزن آصف قریشی کو دہلی کے بھوگل علاقے میں پارکنگ کے ایک معمولی جھگڑے کے بعد بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔
انڈین میڈیا کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کی رات چرچ لین میں واقع آصف قریشی کی رہائش گاہ کے قریب پیش آیا، 42 سالہ آصف قریشی پر اُس وقت حملہ کیا گیا جب انہوں نے دو نوجوانوں سے اسکوٹر راستے سے ہٹانے کو کہا، جو ان کا راستہ روکے ہوئے تھے۔
ابتدائی تکرار کے بعد دونوں نوجوان موقع سے چلے گئے لیکن جاتے وقت واپسی کی دھمکی دے کر گئے۔ کچھ دیر بعد وہ دونوں دوبارہ مسلح ہو کر آئے اور آصف قریشی پر جان لیوا حملہ کر دیا۔ حملے کے دوران ایک نوجوان نے تیز دھار چُھرا ان کے سینے میں گھونپ دیا۔
پولیس کے مطابق، رات تقریباً 10:30 بجے ہنگامی کال موصول ہوئی۔ اہلکار موقع پر پہنچے تو آصف قریشی شدید زخمی حالت میں ملے۔ انہیں فوراً قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان اجول اور گوتم کو گرفتار کر لیا ہےجب کہ واردات میں استعمال ہونے والا آلۂ قتل بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
آصف قریشی کی اہلیہ نے اس واقعے کو محض اتفاقی جھگڑا نہیں، بلکہ ایک سازشی قتل قرار دیا ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان کے شوہر کو سوچے سمجھے منصوبے کے تحت قتل کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کچن کا دھواں صحت کے لیے خطرہ کیسے؟
واضح رہے کہ آصف قریشی، ہما قریشی کے کزن تھے، جب کہ ان کے والد الیاس قریشی اس علاقے میں ایک بااثر شخصیت کے طور پر جانے جاتے ہیں اور طویل عرصے سے بھوگل میں مقیم ہیں۔