دنیا کی مشہور فرنچائز کرکٹ لیگز کے تقابلی جائزے میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) نے انٹرٹینمنٹ کے اعتبار سے دنیا میں دوسرا نمبر حاصل کر لیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی اسپورٹس کی رپورٹ کے مطابق پی ایس ایل نے رنز، سنسنی خیز اختتامی لمحات اور شائقین کی دلچسپی کے مجموعی انڈیکس میں بھارتی پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے بعد سب سے زیادہ اسکور حاصل کیا۔
بی بی سی اسپورٹس نے کرک ویز کے فراہم کردہ اعداد و شمار کی مدد سے دنیا کی بڑی ٹی ٹوئنٹی لیگز کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔

رپورٹ میں ہر میچ میں اوسط چھکوں کی تعداد، ڈاٹ بالز کی شرح، ہوم گراؤنڈ کا فائدہ، بولنگ کے انداز، اور آخری اوور یا آخری گیند تک پہنچنے والے میچز کا تجزیہ کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق آئی پی ایل میں 28.9 فیصد میچز آخری اوور تک گئے، جبکہ پی ایس ایل میں یہ شرح 27.5 فیصد رہی، جس نے اسے اس فہرست میں دوسرے نمبر پر رکھا۔
پہلی اننگز کے اوسط اسکور میں پی ایس ایل سب سے آگے رہا، جہاں یہ اوسط 180 رنز فی اننگز ریکارڈ کی گئی، آئی پی ایل میں 179 اور آئی ایل ٹی 20 میں 161 رنز بنے۔ چوکوں اور چھکوں کی فہرست میں آئی پی ایل پہلے اور پی ایس ایل دوسرے نمبر پر رہا۔

بولنگ کے اعتبار سے کیریبین پریمیئر لیگ میں اسپنرز سب سے کامیاب رہے، جبکہ تیز گیند بازوں نے آسٹریلیا میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کیں۔
پی ایس ایل میں فی میچ کھلاڑیوں کے انٹرنیشنل کیپس کی اوسط 351 رہی جو آئی پی ایل کے برابر ہے، جبکہ آئی ایل ٹی 20 423 کیپس کے ساتھ سب سے اوپر رہا۔
رپورٹ کے مطابق آئی پی ایل کے بعد سب سے زیادہ معاوضے آئی ایل ٹی 20 میں دیے جاتے ہیں، جہاں صرف ایک ماہ کے بجٹ میں تنخواہیں 2 ملین برطانوی پاؤنڈ تک پہنچ جاتی ہیں۔

میچ کے دورانیے میں سی پی ایل سب سے لمبی لیگ قرار پائی، جبکہ بگ بیش لیگ کے میچز سب سے کم وقت میں مکمل ہوئے۔
بی بی سی اسپورٹس کے تیار کردہ انٹرٹینمنٹ انڈیکس میں آئی پی ایل پہلے، پی ایس ایل دوسرے، آئی ایل ٹی 20 تیسرے اور بگ بیش لیگ آخری نمبر پر رہی۔
رپورٹ کے مطابق بگ بیش، جو کبھی شائقین کی توجہ کا مرکز تھی، اب نئی اور زیادہ پرکشش لیگز کے مقابلے میں اپنی جگہ برقرار رکھنے کے لیے تبدیلی کی ضرورت رکھتی ہے۔