دنیا بھر کے مختلف شہروں میں لاکھوں افراد نے فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلیوں اور مارچ میں شرکت کی، جن میں غزہ پر اسرائیلی حملے ختم کرنے اور محصور علاقے میں بلا تعطل امداد کی فراہمی کا مطالبہ کیا گیا۔ اسرائیل کی مسلط کردہ بھوک نے اس علاقے کی پوری آبادی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق برطانوی حکومت کی جانب سے گروپ فلسطین ایکشن پر پابندی کے فیصلے کے خلاف ہونے والے مظاہرے کے دوران 466 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا۔ برطانوی قانون سازوں نے جولائی میں انسدادِ دہشت گردی قوانین کے تحت ’فلسطین ایکشن‘ پر پابندی عائد کی تھی، جب اس کے کچھ ارکان نے ایک رائل ایئر فورس بیس میں داخل ہو کر طیاروں کو نقصان پہنچایا تھا۔ یہ کارروائیاں اسرائیلی جنگی جرائم میں برطانیہ کی مبینہ شراکت کے خلاف احتجاج کا حصہ تھیں۔
مظاہرین جن میں سے کئی فلسطینی پرچم اٹھائے اور سیاہ و سفید چیک دار رومال پہنے ہوئے تھے، “ہاتھ اٹھاؤ غزہ سے” کے نعرے لگاتے رہے اور ایسے پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر لکھا تھاکہ میں نسل کشی کی مخالفت کرتا ہوں، میں فلسطین ایکشن کی حمایت کرتا ہوں۔
ترکی کے شہر استنبول میں ہزاروں مظاہرین نے غزہ میں مزید امداد بھیجے جانے کا مطالبہ کیا۔ منتظمین نے عالمی برادری پر زور دیا کہ انسانی بحران ختم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

ہالینڈ کے شہر ایمسٹرڈیم میں بھی بڑی تعداد میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے، جنہوں نے غزہ کی ناکہ بندی اور اسرائیل کی مغربی حمایت کے خلاف احتجاج کیا اور فوری و بلا رکاوٹ امداد کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔
اسپین کے مختلف شہروں، بشمول دارالحکومت میڈرڈ میں بھی اسرائیلی حملوں اور غزہ میں بھوک کے بحران کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ مظاہرین فلسطینی پرچم لہراتے ہوئے “نسل کشی بند کرو” کے نعرے لگاتے رہے۔
مزید پڑھیں:غزہ پر قبضے کے اعلان کے بعد اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے مزید 34 افراد شہید ہوگئے
سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں ہزاروں افراد جاردین انگلیز میں جمع ہوئے اور اسرائیلی ناکہ بندی کے باعث قحط اور غذائی قلت سے ہونے والی اموات کے خلاف احتجاج کیا۔ شرکاء نے انگریزی، فرانسیسی اور عربی میں نعرے لگاتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کی حمایت بند کرے۔
ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں بھی غزہ کے متاثرین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے بڑے پیمانے پر ریلیاں نکالی گئیں۔