فیلڈ مارشل و چیف آف آرمی اسٹاف میجر جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ انڈیا نے شرمناک جارحیت میں معصوم شہریوں کو شہید کیا، انڈین جارحیت نے خطے کو خطرات کے دہانے پر لاکھڑا کیا۔ پاکستان-انڈیا جنگ بندی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کردار کے مشکور ہیں۔
اپنے دورہ امریکا کے دوران پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا ہے کہ امریکا میں مقیم پاکستانیوں سے خطاب میرے لیے اعزاز کی بات ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانی عزت اور وقار کا سرچشمہ ہے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی برین ڈرین نہیں بلکہ برین گین ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ انڈیا خود کو وشوا گرو کے طور پر پیش کرنا چاہتا ہے، لیکن عملی طور پر ایسا کچھ بھی نہیں ہے۔ انڈین خفیہ ایجنسی را کی ٹرانس نیشنل دہشتگرد سرگرمیوں میں شمولیت عالمی سطح پر شدید تشویش کا باعث ہے۔
عاصم منیر نے کہا ہے کہ انڈین دہشتگردی کی مثالیں کینیڈا میں سکھ رہنما کا قتل اور کلبھوشن یادیو جیسے واقعات ہیں۔پاکستان نے انڈیا کی دہشتگردی کے خلاف کامیاب سفارتی جنگ لڑی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ انڈیا نے شرمناک جارحیت میں معصوم شہریوں کو شہید کیا، انڈین جارحیت نے خطے کو خطرات کے دہانے پر لاکھڑا کیا۔ پاکستان-انڈیا جنگ بندی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کردار کے مشکور ہیں۔

فیلڈ مارشل کا کہنا ہے کہ پاکستان نے انڈین اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا، انڈیا اب بھی خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے پر بضد ہے۔ پاکستان واضح کرچکا ہے کہ کسی بھی انڈین جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر انڈیا کا اندرونی معاملہ نہیں بلکہ ایک نامکمل عالمی ایجنڈا ہے،مسئلہ کشمیر پر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادیں بھی موجود ہیں۔
مزید پڑھیں: انڈیا کا ’مضحکہ خیز‘ دعویٰ، دونوں ممالک اپنے طیاروں کے ذخیرے کی تصدیق کرالیں، خواجہ آصف
فیلڈ مارشل نے کہا ہے کہ میرا دورہ پاکستان-امریکا تعلقات کے حوالے سے نئی جہت کی علامت ہے۔ دورہ امریکا کا مقصد تعلقات کو تعمیری، پائیدار اور مثبت راستے پر گامزن کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں جاری نسل کشی بدترین انسانی المیہ ہے، جس کے شدید مضمرات ہیں۔ فتنہ الخوارج سمیت کئی دہشتگرد تنظیمیں افغانستان سے پاکستان کے خلاف متحرک ہیں۔ ہماری ترقی و خوشحالی دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں سے وابستہ ہے۔