Follw Us on:

“میئر شہر پر قبضہ کیے بیٹھا ہے” کراچی میں بزرگ شہری کھلے نالے میں گر کر جاں بحق

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
فائل فوٹو/ گوگل

کراچی کے علاقے ملیر کالا بورڈ کے قریب حفاظتی انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے بزرگ شہری نالے میں گر کر جاں بحق ہو گیا، جاں بحق ہونے والے شہری کی لاش ایدھی فاؤنڈیشن کے رضا کاروں نے نکال کر ورثا کے حوالے کر دی۔

نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق ایس ایچ او سعود آباد ضمیر نے بزرگ شخص کی لاش کو ان کے ورثا کے حوالے کر دی ہے ، جہاں بحق ہونے والا شخص کی شناخت 70 سالہ سلیم بیگ کے نام سے کی گئی جو کہ کالا بورڈ ملیر کا رہائشی اور مشین ٹول فیکٹری کا ریٹائرڈ ملازم تھا جو کہ  نالے میں گر کر جاں بحق ہوگیا۔

ایس ایچ او نے اس بات کی تردید کی ہے کہ متوفی موٹر سائیکل سمیت نالے میں گرا تھا جبکہ متوفی کے 3 بیٹے ہیں اور اس کی لاش اور موٹر سائیکل سمیت دیگر سامان ورثا کے حوالے کر دیا گیا ہےجبکہ ورثاء کی جانب سے کسی بھی قسم کی قانونی کارروائی سے گریز کیا گیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اس نالے میں متعدد بار حادثات ہو چکے ہیں ، میونسپل کمیٹی کے ساتھ ساتھ میئر کراچی کی طرف سے اس علاقے میں کوئی کاروائی نہیں کی جا رہی۔

چئیرمین یوسی 5 ماڈل ٹاؤن طلحہ خان کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں کام کروانے کے لیے متعدد بار بل پاس ہو چکے ہیں ، میرے پاس بل موجود ہے جس پر میئر کراچی مرتضیٰ وہاب ( پی پی پی)، ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ اور میونسپل کمیٹی کی طرف سے مہریں لگی ہوئی ہیں اور تمام دستاویزات مکمل ہونے کو باوجود میونسپل کمیٹی کی طرف سے نالوں اورگلیوں کی مرمت نہیں کی گئی،ان کو غریب عوام کا کوئی خیال نہیں آرہا۔

۔طلحہ خان کا کہنا ہے کہ میئر اس شہر پر قبضہ کر کے بیٹھا ہوا ہے ، کچھ تو اس غریب عوام کا خیال کرنا چاہیے ، ہمارے شہری آئے دن موت کی گھاٹ اتر رہے ہیں،

چئیرمین کا مزید کہنا ہے کہ ہماری طرف سے متعدد بار میونسپل کمیٹی اور مئیر مرتضیٰ وہاب کو درخواستیں لکھی جا چکی ہیں، لیکن ان درخواستوں پر کوئی عمل نہیں کیا جا رہا۔

شہریوں  کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت سوئی  ہوئی ہے ، کئی بار اس نالے میں حادثات ہو چکے ہیں ، ابھی تک کوئی بھی ایکشن نہیں لیا گیا، کئی حادثات ہو چکے ہیں ،اب مزید انسانی جان کو ضائع ہونے سے بچایا جائے اور مناسب اقدامات کیے جائے۔

 

 

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس