پاکستان میں جولائی 2025 کے دوران گاڑیوں کی فروخت سالانہ 28 فیصد بڑھ کر 11 ہزار 34 یونٹ تک پہنچ گئی، جس کی بنیادی وجوہات حالیہ مہینوں میں متعدد نئے ماڈلز کی لانچنگ اور مناسب شرح سود پر گاڑیوں کی فنانسنگ کی دستیابی بتائی جا رہی ہیں۔
پاکستان آٹوموبائل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پاما) کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2024 میں گاڑیوں کی فروخت 8 ہزار 589 یونٹس رہی تھی۔
ٹاپ لائن ریسرچ کی تجزیہ کار مائشہ سہیل کے مطابق سالانہ بنیادوں پر اس اضافے کی وجہ زیادہ مستحکم معاشی حالات ہیں، جن میں کم شرح سود اور افراطِ زر میں کمی شامل ہے، جس سے صارفین کے اعتماد میں بہتری آئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ مالی سال 2026 میں آٹو سیلز کا یہ رجحان جاری رہے گا، جس کی پشت پناہی کم شرح سود اور مختلف انجن ٹائپس، بشمول ہائبرڈ اور پلگ اِن ہائبرڈ، میں نئے ماڈلز کی مضبوط لائن اپ کرے گی۔
تاہم جولائی کی فروخت ماہانہ بنیادوں پر 49 فیصد کم رہی، جس کی بڑی وجہ جون 2025 میں فروخت میں غیر معمولی اضافہ ہے۔ اے ایچ ایل ریسرچ کی تجزیہ کار مینکا کرپالانی کے مطابق جون میں گاڑیوں کی پیشگی خریداری میں اضافے کا سبب گاڑیوں پر نئے ٹیکسوں کے نفاذ سے قبل خریداروں کی جلدی تھی، جن میں الیکٹرک گاڑیوں پر ای وی لیوی اور 850 سی سی گاڑیوں پر سیلز ٹیکس کی شرح 12.5 فیصد سے بڑھا کر 18 فیصد کرنا شامل ہے، جو مالی سال 2026 کے وفاقی بجٹ میں نافذ کیا گیا۔
انڈس موٹر کمپنی کی فروخت سالانہ بنیادوں پر دوگنا ہو کر 3 ہزار 337 یونٹ تک پہنچ گئی۔ یہ اضافہ بنیادی طور پر ‘فورچیونر اور آئی ایم وی’ سیگمنٹ میں 17 فیصد ماہانہ اضافے سے ہوا، جبکہ کرولا، یارس اور کراس کی طلب بھی مضبوط رہی۔

ہنڈائی نشاط کی فروخت سالانہ بنیادوں پر 2.1 گنا بڑھ کر 1 ہزار 225 یونٹ تک پہنچ گئی۔ ہنڈائی پورٹر واحد ماڈل تھا جس کی ماہانہ فروخت میں 31 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ ٹکسن اور ایلانٹرا کی فروخت میں بالترتیب پانچ گنا اور چار گنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
مزید پڑھیں:سوزوکی نے ایوری ماڈل پر 4 لاکھ 50 ہزار روپے کے کیش بونس کا اعلان کر دیا
سازگار انجینئرنگ کی فروخت جولائی میں سالانہ بنیادوں پر 31 فیصد بڑھی۔ کمپنی کے مطابق بجٹ سے اس کی فلیگ شپ گاڑی ہیول کی قیمتوں پر کوئی اثر نہیں پڑا، جبکہ نئی ہیول فیس لفٹ کی لانچنگ نے بھی فروخت کو سہارا دیا۔ مزید برآں، اگست سے H6 پی ایچ ای وی ویریئنٹ کی آمد سے مزید اضافہ متوقع ہے۔
ہونڈا اٹلس کارز کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر 61 فیصد اضافہ ہوا اور یہ جولائی 2025 میں 1 ہزار 500 یونٹس تک پہنچ گئی، جبکہ پاک سوزوکی موٹر کمپنی کی فروخت میں 18 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔