پاکستانی سپر اسٹار فواد خان کی بالی ووڈ فلم عبیر گلال متحدہ عرب امارات کے سینما گھروں میں 29 اگست 2025 کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی،فلم کی ریلیز کو خلیجی ممالک میں شائقین کی جانب سے غیر معمولی پذیرائی ملنے کی توقع ہے۔
ابتدائی طور پر 9 مئی 2025 کو ریلیز کی منصوبہ بندی کی گئی تھی، تاہم فلم کو انڈیا میں مختلف سیاسی حلقوں کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ خاص طور پر مہاراشٹر نو نرمان سینا نے فلم کی ریلیز کے خلاف احتجاج کیا تھا ۔جب کہ 22 اپریل جموں و کشمیر پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کے بعد عوامی جذبات مزید بھڑک اٹھے، جس کے بعد فلم کی نمائش انڈیا میں روک دی گئی تھی۔
فلم میں وانی کپور نے “گلال” کا کردار نبھایا ہے، جو ایک پرجوش عورت ہے اور طے شدہ شادی سے انکار کرکے لندن کا رخ کرتی ہے۔ وہاں اُس کی ملاقات ہوتی ہے “عبیر” (فواد خان) سے، جو ایک دلکش اور پرکشش ریسٹورنٹ مالک ہے اور خود بھی جذباتی کشمکش کا شکار ہے۔ فلم کی کہانی خودمختاری، زندگی کے فیصلوں اور ماضی کے زخموں سے نجات کے موضوعات کو اُجاگر کرتی ہے۔
فلم کے ڈسٹری بیوٹر انڈین اسٹوریز لمیٹڈ نے تصدیق کی ہے کہ عبیرگلال انڈیاکے سنیما گھروں میں ریلیز نہیں کی جائے گی، لیکن دنیا بھر میں مختلف سینماگھروں میں اس کو نمائیش کے لیے پیش کیا جائے گا۔ متحدہ عرب امارات میں اس فلم کی ریلیز فواد خان کے مداحوں کے لیے ایک بڑی خوشخبری ہے۔
یاد رہے کہ فواد خان اس سےپہلے کپور اینڈ سنزاور اے دل ہے مشکل جیسی کامیاب بالی ووڈ فلموں میں کام کر چکے ہیں۔