کراچی کے علاقے عزیزآباد میں ہوائی فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں سات سالہ معصوم بچی جان کی بازی ہار گئی۔
کراچی پولیس کے مطابق واقعہ عزیزآباد تھانے کی حدود، بلاک آٹھ ایف بی ایریا عزیزآباد نمبر چار میں پیش آیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا۔
کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ملوث افراد کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔ پولیس نے جدید سی سی ٹی وی فوٹیج اور ہیومن انٹیلیجنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے اسی گلی سے ہوائی فائرنگ میں ملوث تین افراد کو گرفتار کرلیا۔

کراچی پولیس نے کہا ہے کہ گرفتار ملزمان میں سلمان سعید ولد سعید احمد، جہانزیب خان عرف کاکا ولد نسیم الرحمٰن اور رانا محمد دانش ولد محمد امین راجپوت شامل ہیں۔
کراچی پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے تین عدد نائن ایم ایم پستول بمعہ لوڈ میگزین برآمد کرلیے گئے ہیں۔ جاں بحق بچی کو بھی نائن ایم ایم پستول سے فائر کی گئی گولی لگی تھی۔ برآمد شدہ اسلحہ اور جائے وقوعہ سے ملنے والا گولی کا خول فارنزک ٹیسٹ کے لیے بھیج دیا گیا ہے تاکہ اس بات کی تصدیق کی جاسکے کہ گولی انہی ہتھیاروں سے فائر کی گئی تھی۔
مزید پڑھیں: ’جاپانی حکومت کی دعوت‘ پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف پانچ روزہ سرکاری دورے پر روانہ
ایس ایس پی ذیشان شفیق صدیقی کا کہنا ہے کہ ہوائی فائرنگ جیسے خطرناک عمل کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔