وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو ٹیلی فون کر کے صوبے میں سیلاب سے ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کی اور ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت بھی کی۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں پنجاب حکومت کے تمام وسائل خیبرپختونخوا کے عوام کی مدد کے لیے حاضر ہیں، اہل پنجاب اپنے خیبرپختونخوا کے بھائیوں اور بہنوں کے دکھ میں شریک ہیں۔
انہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے بھی تعزیت کا پیغام پہنچایا۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے مریم نواز کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے تعاون اور اظہار یکجہتی قابل قدر ہے۔
اس سے پہلے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور گورنر کو ٹیلی فون کر کے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے اہلکار عوام کی خدمت کے مشن پر تھے اور عوامی خدمت میں جان دینے والے ہمارے ہیرو ہیں۔
Chief Minister Maryam Nawaz held a telephonic call with Khyber Pakhtunkhwa Chief Minister Ali Amin Gandapur.
— PMLN (@pmln_org) August 15, 2025
🔹She expressed sorrow over the loss of precious lives in Khyber Pakhtunkhwa and conveyed condolences to the affected families.
🔹She also offered condolences over the… pic.twitter.com/QetALhuqOE
انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے لیے صبر جمیل کی دعا کی اور کہا کہ سندھ حکومت غم کی اس گھڑی میں متاثرہ عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔
خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں کلاؤڈ برسٹ، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔
مختلف حادثات میں اب تک 210 سے زائد افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو چکے ہیں۔ بونیر سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں 150 سے زائد افراد جاں بحق اور کئی لاپتا ہو گئے، سیلاب نے کئی گاؤں بہا دیے اور مکانات تباہ کر دیے، جبکہ ضلع میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔
باجوڑ میں 21 افراد جاں بحق ہوئے، مانسہرہ کے علاقے ڈھیری حلیم میں بہہ جانے والے 16 افراد کی لاشیں بٹگرام سے نکالی گئیں۔ بونیر، باجوڑ، مانسہرہ اور بٹگرام کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا ہے۔
باجوڑ میں امدادی کارروائیوں کے لیے جانے والا خیبرپختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹر بھی حادثے کا شکار ہو کر گر گیا، جس میں دو پائلٹس سمیت پانچ افراد شہید ہو گئے۔