پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ فوج کبھی بھی دہشت گردی کے نام پر معصوم عوام کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتی، لیکن اگر کوئی شہری دہشت گردوں کو پناہ دیتا ہے یا اپنے گھر میں بارودی مواد رکھتا ہے تو اسے اس کے نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
آئی ایس پی آر کے انٹرن شپ پروگرام کے دوران طلبہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بڑے آپریشن کی بجائے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن زیادہ مؤثر ثابت ہوتے ہیں، کیونکہ کسی علاقے کو خالی کرانا یا طاقت کے زور پر کارروائی کرنا دیرپا حل نہیں ہوتا، اس کے لیے ضروری ہے کہ عوام خود دہشت گردوں کی نشاندہی کریں۔
ان کے مطابق ایک شخص کی دہشت گردی کی سزا پورے علاقے یا گاؤں کو نہیں دی جا سکتی، بلکہ اصل کامیابی اس وقت ملتی ہے جب مقامی لوگ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کھڑے ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ بلوچستان کے عوام پاکستان سے گہرا تعلق رکھتے ہیں اور اب وہاں کے لوگ خود دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو پہچان کر سامنے لا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی عوام سمجھدار اور دوراندیش ہیں، ان کے بچے اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے اپنی تقدیر کے مالک بن چکے ہیں۔
انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ کیمبرج یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے معروف سائنسدان صمد یار جنگ کا تعلق بلوچستان کے بلیدہ اسکول سے ہے۔ اسی طرح بلوچستان سے تعلق رکھنے والے لیفٹیننٹ جنرل شاہ زیب رند اپنی محنت سے نمایاں مقام تک پہنچے ہیں، جبکہ بلوچ بچیاں بھی اب مختلف اضلاع میں ڈپٹی کمشنر کے عہدوں پر تعینات ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ پاکستان کا قیام لسانی یا علاقائی بنیادوں پر نہیں بلکہ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر ہوا۔ انہوں نے نبی کریم ﷺ کے فرمان کا حوالہ دیا کہ کسی عجمی کو عربی پر، کسی گورے کو کالے پر، یا کسی کالے کو گورے پر برتری حاصل نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی ڈیڑھ کروڑ آبادی میں پچاس فیصد افراد کا تعلق پاکستان کے دیگر حصوں سے ہے، وہاں صرف بلوچ ہی نہیں رہتے بلکہ تیس فیصد سے زائد پختون بھی آباد ہیں، جبکہ سندھ اور جنوبی پنجاب میں بھی بڑی تعداد میں بلوچ بستے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کے دل میں “پاکستان کا مطلب لا الہ الا اللہ” رچ بس چکا ہے اور یہی اس ملک کی اصل بنیاد ہے۔ فوج عوام کے ساتھ مل کر دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور منصوبہ سازوں کے خلاف کارروائی جاری رکھے گی تاکہ ملک میں امن قائم ہو سکے۔