وزیراعظم شہباز شریف نے غذر میں 300 قیمتی انسانی جانیں بچانے والے ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے دعوت پر اسلام آباد بلا لیا۔
گلگت بلتستان کے علاقے غذر کے چرواہے وصیت خان، انصار اور محمد خان کو وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزیراعظم ہاؤس مدعو کیا گیا ہے۔
مقامی آبادیوں کو پیشگی اطلاع دینے، سیکڑوں جانیں بچانےکے اعتراف میں وزیراعظم انہیں خصوصی انعام سے نوازیں گے۔

اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ وصیت خان، انصار اور محمد خان قوم کے ہیرو ہیں، تینوں نے فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کو گلگت بلتستان کے ان ہیروز پر فخر ہے۔
واضح رہے غذر میں گلیشیئر ٹوٹنے کی بروقت اطلاع دینے والے چرواہے وصیت خان کے لیے ڈی آئی جی پولیس کی جانب سے 10ہزار روپے انعام کا اعلان کیا گیا جب کہ انہیں تعریفی سند سے بھی نوازا گیا۔
غذر میں چرواہے وصیت خان نے گاؤں والوں کو ٹیلیفون پر گلیشیئر پھٹنے کی بروقت اطلاع دیکر سیکڑوں افراد کی جان بچائی تھی۔
وصیت خان کی اطلاع کے بعد راتوں رات گاؤں تالی داس میں 100مکانات خالی کرائےگئے اور تقریباً 200 لوگ بلند پہاڑی مقام پر پہنچے، تاہم جب سیلاب آیا تو ان خالی مکانات کو نقصان بھی پہنچا لیکن قیمتی جانیں بچ گئیں۔