Follw Us on:

اسحاق ڈار کا سعودی عرب کا دورہ، او آئی سی کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کریں گے

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Ishaq dar
پاکستان نے ہمیشہ فلسطینی کاز کی غیر متزلزل حمایت کی ہے۔ (فوٹو: ایکس)

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار 25 اور 26 اگست 2025 کو سعودی عرب کے سرکاری دورے پر جدہ روانہ ہوں گے، جہاں وہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق  وزیر خارجہ اسحاق ڈار بنگلہ دیش کے دو روزہ سرکاری دورے کے بعد براہِ راست جدہ پہنچیں گے۔

وزارتِ خارجہ کے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ او آئی سی کا یہ ہنگامی اجلاس فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت، غزہ پر مکمل فوجی کنٹرول کے مجوزہ منصوبے اور فلسطینیوں کے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے تناظر میں بلایا گیا ہے۔

وزارتِ خارجہ کے مطابق پاکستان نے ہمیشہ فلسطینی کاز کی غیر متزلزل حمایت کی ہے اور بین الاقوامی فورمز پر اس مسئلے کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا ہے۔ اس اجلاس کے دوران اسحاق ڈار ایک بار پھر پاکستان کا اصولی مؤقف دوہرائیں گے اور فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کریں گے۔

Ministry of foreign affairs
اسحاق ڈار بنگلہ دیش کے دو روزہ سرکاری دورے کے بعد براہِ راست جدہ پہنچیں گے۔ (فوٹو: وزارتِ خارجہ)

نائب وزیراعظم اسرائیل سے تمام مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے مکمل انخلا، غزہ پر مکمل فوجی کنٹرول کے منصوبے کو مسترد کرنے، فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کی مذمت اور انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی پر زور دیں گے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وہ اس بات کا اعادہ کریں گے کہ پاکستان ایک آزاد، خودمختار اور بااختیار فلسطینی ریاست کا حامی ہے، جس کے دارالحکومت کے طور پر القدس الشریف ہو اور جو جون 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر قائم ہو۔

وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ اجلاس کے موقع پر اسحاق ڈار کی اہم او آئی سی رکن ممالک کے وزرائے خارجہ سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس