کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوتا دکھائی دیا ہے جہاں کاروبار کے آغاز پر ہی مثبت رجحان دیکھا گیا۔
مارکیٹ کے 100 انڈیکس میں 472 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد انڈیکس 1,49,965 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔
گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان دیکھا گیا تھا جہاں 100 انڈیکس 258 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 1,49,493 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
مسلسل دوسرے کاروباری سیشن میں انڈیکس میں ہونے والے اضافے سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری آئی ہے اور مارکیٹ میں ایک بار پھر سرگرمی دیکھی جا رہی ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق مارکیٹ میں جاری تیزی کی بنیادی وجوہات میں معاشی اشاریوں میں بہتری، بیرونی ادائیگیوں پر دباؤ میں کمی اور سرمایہ کاروں کی توقعات شامل ہیں۔ کاروباری حلقے اس رجحان کو خوش آئند قرار دے رہے ہیں۔
مزید براں انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت میں معمولی کمی دیکھی گئی۔ ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق کاروبار کے آغاز پر ڈالر 10 پیسے سستا ہو کر 281 روپے 80 پیسے میں ٹریڈ ہو رہا ہے۔
واضع رہے کہ یہ اگرچہ کمی معمولی ہے تاہم اس سے زرمبادلہ کی مارکیٹ میں استحکام کے اشارے ملتے ہیں۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ کرنسی مارکیٹ اور اسٹاک ایکسچینج میں بیک وقت بہتری ملکی معیشت کے لیے مثبت اشارہ ہے، جو آئندہ دنوں میں سرمایہ کاری کے مزید مواقع پیدا کر سکتی ہے۔