Follw Us on:

سیلاب سے کسان تباہ، حکومت آخر کیا کررہی ہے؟

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Whatsapp image 2025 08 28 at 9.43.40 pm (1)
جہازوں میں بیٹھ کر دورے کرنا بہت آسان ہے۔ (فوٹو: پاکستان میٹرز)

ویسے تو ملک بھر میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے تباہی ہورہی ہیں مگر دریائے چناب میں تاریخ کے سب سے بڑے سیلاب نے کسانوں کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے، سیالکوٹ، گجرات، وزیرآباد، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، پنڈی بھٹیاں، جھنگ، چنیوٹ اور دیگر علاقے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

میرا آبائی علاقہ حافظ آباد کی یونین کونسل چک بھٹی ہے، جہاں سے کچھ ویڈیوز موصول ہوئی ہیں، جن سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ کسانوں کی فصلیں اور جانوروں کی خوراک بھی مکمل ختم ہوچکی ہے۔

اسی طرح بہت سی جگہوں پر جانور پانی میں کھڑے ہیں، جو کہ ڈوبنے کے قریب ہیں،مکان گررہے ہیں اور کئی بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔

المیہ یہ ہے کہ حکومتی نمائندے میڈیا کے سامنےایسے باتیں کر رہے ہیں، جیسے یہ روٹین کی بات ہے، اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ انہیں دیہاتیوں کے درد کا وہ احساس ہی نہیں، جو وہاں رہنے والوں کو در اصل ہوتاہے۔

جہازوں میں بیٹھ کر دورے کرنا بہت آسان ہے، بڑی گاڑیوں میں بیٹھ کر موٹروے سے جائزے لینا بھی آسان ہے اور کنٹرول روم میں بیٹھ کر اعدادوشمار پر تبصرے بھی مشکل نہیں، مگر سوچیں اس کسان کی تکلیف جس کے جانور بھوک سے مررہے ہیں، اندازہ لگائیں اس کسان کی تکلیف، جس کی چاول،گنا،سبزیوں اور چارے کی فصلیں تباہ ہوگئیں، جن کے مکانات گر گئے اور بری طرح متاثر ہوگئے۔

اب آئندہ دنوں میں کیا ہوگا؟ اوپر سے فنڈز جاری ہوں گے جو کہ اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہوں گے اور مزید مقامی انتظامیہ اور کچھ گاؤں کے سرکردہ لوگ مل جل کر غیرمنصفانہ تقسیم کریں گے، نا رقم اصل متاثرین تک جائے گی اور نا خوراک،ادویات اور چارہ اصل لوگوں تک جائے گا۔

پھر ایک رپورٹ بنے گی، جسے میڈیا پر چلا دیاجائے گا کہ ہم نے اتنے کروڑ روپے کسانوں کو دئیے اور اتنے کروڑوں مکان متاثرین کو دئیے۔

اگر کچھ کرنا ہے تو حافظ آباد کے علاقے چک بھٹی،ڈیرہ شیخاں،چھنی، تھتھلاں، محمودپورہ، پھیروکی، ٹھٹھہ گجو، نارروال، نسووال، جلالپوربھٹیاں سمیت تمام دیگر دریائی علاقوں کو اس دفعہ آفت زدہ قراردیں جتنی رقم اب تک کسان اپنی فصلوں پر لگا چکے ہیں ان کے اکاؤنٹس میں منتقل کردیں، نا کہ پٹواریوں اور تحصیلداروں کے رحم پر کسانوں کو چھوڑیں۔

نوٹ: ادارے کا بلاگر کے ذاتی خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں، ایڈیٹر

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس