اسلام آباد میں سوشل میڈیا انفلُوئنسر سامعہ حجاب نے الزام عائد کیا ہے کہ لاہور سے تعلق رکھنے والے نوجوان حسن زاہد نے اغوا کرنے کی کوشش کی اور انہیں جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی۔
یہ واقعہ اس وقت منظر عام پر آیا جب سامعہ نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو جاری کی جس میں انہوں نے بتایا کہ لاہور کا رہائشی نوجوان مسلسل ان سے شادی کا مطالبہ کر رہا تھا اور انکار پر انہیں دھمکیاں دے رہا تھا۔
سامعہ نے دعویٰ کیا کہ شام کے وقت جب وہ اپنے گھر کے گیٹ پر گئیں تو ملزم نے ان کا موبائل چھین لیا اور انہیں زبردستی گاڑی میں بٹھانے کی کوشش کی۔ اس دوران انہیں چوٹیں بھی آئیں۔
انہوں نے کہا کہ اس واقعے کی ویڈیو ان کے گھر کے سی سی ٹی وی کیمرے میں محفوظ ہے جسے انہوں نے انسٹاگرام پر شیئر بھی کیا ہے۔
یہ واقعہ اسلام آباد میں پیش آیا جہاں سامعہ رہائش پذیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے والد گھر پر موجود نہیں تھے اور والدہ بیمار تھیں جس وجہ سے وہ خود گیٹ پر گئیں جہاں یہ واقعہ پیش آیا۔

سامعہ نے بتایا کہ وہ مقتول ٹک ٹاکر ثنا یوسف کی قریبی دوست ہیں۔
یاد رہے کہ رواں سال جون میں اسلام آباد کی 17 سالہ ٹک ٹاکر ثنا یوسف کو شادی سے انکار پر عمر حیات نامی نوجوان نے قتل کر دیا تھا۔ عمر حیات کو اسلام آباد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کیا اور اس کے خلاف مقدمہ زیر سماعت ہے۔
سامعہ نے کہا کہ وہ ثنا یوسف جیسا انجام نہیں چاہتیں اور اسی لیے انہوں نے اپنی شکایت اسلام آباد کے انسپکٹر جنرل کے ساتھ شیئر کی ہے۔ ان کے مطابق پولیس نے فوری کارروائی کی اور رپورٹ درج کی اور ملزم کے خلاف ایکشن لیا جا رہا ہے۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اسلام آباد پولیس نے حسن زاہد کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کر دیا ہے جہاں وہ ضمانت حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
سامعہ کا کہنا ہے کہ اگر اسے ضمانت مل گئی تو ان کی جان کو دوبارہ خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان سمیت دیگر ہراسگی کا شکار خواتین کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔
واضع رہے کہ اسلام آباد پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے اور قانونی کارروائی جاری ہے۔ پولیس نے یہ بھی کہا ہے کہ سامعہ کو سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے اور معاملے پر قانون کے مطابق عمل کیا جائے گا۔