فلم نے ریلیز کے ابتدائی ویک اینڈ میں دنیا بھر سے 217 ملین ڈالر کا بزنس کیا، جو کسی بھی بایوپک کے لیے اب تک کا سب سے بڑا اوپننگ ریکارڈ ہے۔ اس فلم میں مائیکل جیکسن کے بھتیجے جعفر جیکسن نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔
اس سے قبل میوزیکل بایوپک کا ریکارڈ فلم بوہیمین ریپسڈی کے پاس تھا، جس میں رامی ملک نے فریڈی مرکری کا کردار نبھایا تھا اور اس نے 124 ملین ڈالر سے اوپننگ کی تھی۔ نئی فلم نے نہ صرف یہ ریکارڈ توڑا بلکہ اوپن ہائمر کے 180 ملین ڈالر کے اوپننگ بزنس کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
فلم کے امریکی ڈسٹری بیوٹر لائنس گیٹ کے چیئرمین ایڈم فوگلسن کا کہنا ہے کہ اس طرح کے اعداد و شمار اسی وقت ممکن ہوتے ہیں جب فلم ہر طبقے کے ناظرین کو اپنی جانب متوجہ کرے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ فلم کو ناقدین کے مقابلے میں عوامی سطح پر کہیں زیادہ پذیرائی ملی ہے۔ ریویو ویب سائٹ راٹن ٹماٹوز کے مطابق فلم کو ناقدین کی جانب سے 38 فیصد جبکہ ناظرین کی جانب سے 97 فیصد ریٹنگ دی گئی۔
Michael Jackson s biopic makes history
— WION (@WIONews) April 27, 2026
Michael moonwalks to the top, earns $217.4 million@JyotsnaKumar13 and @kripatistic have more on this pic.twitter.com/Uppv55IPau
فلم میں مائیکل جیکسن کے میوزیکل کیریئر کو نمایاں انداز میں پیش کیا گیا ہے اور ان کے مشہور گانے جیسے بلی جین، بیٹ اٹ، سموتھ کریمنل اور بلیک اور وائٹ کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
تاہم فلم میں گلوکار پر ماضی میں لگنے والے متنازع الزامات کا ذکر شامل نہیں کیا گیا۔ یاد رہے کہ مائیکل جیکسن نے ہمیشہ ان الزامات کی تردید کی تھی اور 2005 میں عدالت نے انہیں بری کر دیا تھا۔
ہدایتکار اینٹون فوکوا کے مطابق فلم کی تیاری کے دوران بعض قانونی پیچیدگیوں کے باعث اسکرپٹ میں تبدیلیاں کرنا پڑیں اور کہانی کو 1988 تک محدود کر دیا گیا۔
تقریباً 200 ملین ڈالر لاگت سے بننے والی یہ فلم اب تک کی مہنگی ترین بایوپکس میں شمار کی جا رہی ہے۔ فلم کو دنیا کے بیشتر ممالک میں ایک ہی وقت میں ریلیز کیا گیا، جب کہ جاپان میں اس کی نمائش جون میں متوقع ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ فلم حالیہ عرصے میں سنیما انڈسٹری کے لیے مثبت رجحان کی عکاسی کرتی ہے اور آئندہ آنے والی بڑی فلموں کے لیے بھی نیک شگون سمجھی جا رہی ہے۔







