Follw Us on:

7 سے 9 ستمبر کے دوران شدید بارشیں، سیلابی صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Rain in lahore
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور کشمیر میں بارشوں کی پیش گوئی کر دی گئی۔ (تصویر: پاکستان میٹرز)

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ 7 سے 9 ستمبر کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں شدید بارشیں ہوں گی۔

حیدرآباد اور کراچی کے نشیبی علاقے زیرِ آب آ سکتے ہیں جبکہ پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بارشوں کے بعد صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت انڈین ریاست مدھیہ پردیش پر ہوا کا کم دباؤ موجود ہے جو مغرب یا شمال مغرب کی طرف بڑھ سکتا ہے۔

یہ دباؤ 6 ستمبر کو راجستھان سے ملحقہ سندھ کے علاقوں تک پہنچنے کا امکان ہے جس کے باعث سندھ اور پنجاب کے مشرقی علاقوں میں شدید مون سون ہوائیں داخل ہوں گی اور پاکستان کے تمام علاقے اس نظام کے زیرِ اثر آ سکتے ہیں۔

صوبہ سندھ میں 6 ستمبر کی شام یا رات سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا جو 9 ستمبر تک جاری رہے گا۔

تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، سانگھڑ، خیرپور، شہید بینظیر آباد، مٹیاری، ٹنڈو الہ یار، ٹنڈو محمد خان، حیدرآباد، کراچی، ٹھٹھہ، بدین، سجاول، جامشورو، دادو، کشمور، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، شکارپور اور گھوٹکی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کی پیشگوئی ہے۔

صوبہ پنجاب کے مختلف حصوں میں 8 ستمبر کی شام یا رات کو بارش کا امکان ہے۔ لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، ساہیوال، پاکپتن، بہاولنگر، وہاڑی، خانیوال، ملتان، لودھراں، بہاولپور، رحیم یار خان، راجن پور، کوٹ ادو اور ڈیرہ غازی خان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیر آباد میں بھی بارش کی پیشگوئی ہے۔

بلوچستان میں بارکھان، موسیٰ خیل، لورالائی، سبی، ژوب، نصیر آباد، بولان، ڈیرہ بگٹی، کوہلو، قلات، خضدار، لسبیلہ، آواران، پسنی، اورماڑہ اور گوادر میں بارش کی توقع ہے۔

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں 6 ستمبر کی شام سے 8 ستمبر تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

وادی نیلم، مظفرآباد، راولاکوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں بارش اور کہیں کہیں موسلادھار بارش ہوگی۔

خیبر پختونخوا میں دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، مہمند، صوابی، پشاور، مردان، کوہاٹ اور کرم میں بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 7 سے 9 ستمبر کے دوران ڈیرہ غازی خان اور اس سے ملحقہ بلوچستان کے مشرقی اور جنوبی علاقوں کے مقامی اور برساتی ندی نالوں میں طغیانی آسکتی ہے۔

بالائی خیبر پختونخوا، مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ سے ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس