تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا فائنل افغانستان اور پاکستان کے مابین کھیلا گیا، جس میں قومی ٹیم نے افغانستان کو 75 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی جانب سے فخر زمان 27، محمد نواز 25 اور کپتان سلمان علی آغا 24 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جب کہ صائم ایوب 17 اور حسن نواز و فہیم اشرف نے 15،15 رنز جوڑے۔
افغانستان کی جانب سے راشد خان نے 3، نور احمد اور فضل الحق فاروقی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

142 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغان بیٹرز پاکستانی اسپنرز کے سامنے بے بس نظر آئے اور پوری ٹیم 15.5 اوورز میں صرف 66 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی۔ کپتان راشد خان 17 اور صدیق اللہ اتل 13 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جب کہ 9 بیٹرز ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکے۔
میچ کے ہیرو محمد نواز رہے، جنہوں نے شاندار ہیٹ ٹرک کے ساتھ 4 اوورز میں صرف 19 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ صفیان مقیم اور ابرار احمد نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ شاہین شاہ آفریدی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
Mohammad Nawaz bags his maiden T20I 5️⃣-wicket haul 🌟#BackTheBoysInGreen | #PAKvAFG pic.twitter.com/dE5c1SAxJ7
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) September 7, 2025
واضح رہے کہ ہیٹ ٹرک محمد نواز نے دو اوورز میں مکمل کی، چھٹے اوور کی پانچویں اور چھٹی گیند پر وکٹیں لینے کے بعد آٹھویں اوور کی پہلی گیند پر شکار کرتے ہوئے کارنامہ انجام دیا۔
پاکستان نے شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں شاندار کارکردگی کے ساتھ افغانستان کو 75 رنز سے شکست دے کر تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے پر قومی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے فائنل میچ میں محمد نواز کی ہیٹ ٹرک اور آل راؤنڈ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ محمد نواز کی بولنگ نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔
🏅 Mohammad Nawaz is Player of the Match for his match-winning spell in the Final 🌟#BackTheBoysInGreen | #PAKvAFG pic.twitter.com/VuR30RaeQj
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) September 7, 2025
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے کم اسکور کے باوجود ٹیم ورک کا شاندار مظاہرہ کیا اور فائنل میں افغانستان کو آؤٹ کلاس کرکے ٹائٹل اپنے نام کیا۔
چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، کپتان سلمان آغا اور تمام کھلاڑی مبارکباد کے مستحق ہیں، قوم بجا طور پر ٹیم سے ایسی ہی اعلیٰ کارکردگی کی توقع رکھتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کی جیت سے کھلاڑیوں کا مورال بلند ہوا ہے اور امید ہے کہ پاکستانی ٹیم ایشیا کپ میں بھی شاندار کھیل پیش کرے گی۔