یروشلم کے نواحی علاقے کے ایک بس اسٹاپ پر فائرنگ کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
اسرائیل کی ایمبولنس سروس کے مطابق پولیس نے کہا کہ حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ تاہم حملہ آوروں کے بارے میں فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ وہ کون تھے یا ان کا مقصد کیا تھا۔
فلسطینی عسکری تنظیم حماس نے اس حملے کے حوالے سے دو فلسطینی ‘مقاومت کے جنگجوؤں’ کی تعریف کی ہے جن کے بارے میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے حملہ کیا تھا تاہم حماس نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
ایمبولنس سروس نے متاثرہ افراد کی شناخت ایک 50 سالہ مرد، ایک 50 سالہ عورت اور تین 30 سالہ مردوں کے طور پر کی ہے۔ اس حملے میں 11 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے چھ کی حالت تشویش ناک ہے۔ زخمیوں کو گولیوں کے زخم آئے ہیں۔
اسرائیلی پولیس کے مطابق دو حملہ آور ایک گاڑی میں سوار ہو کر راموت جنکشن کے بس اسٹاپ پر پہنچے اور فائرنگ شروع کر دی۔ ایک سیکیورٹی اہلکار اور ایک شہری نے حملہ آوروں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
پولیس نے کہا کہ حملہ آوروں کے پاس سے اسلحہ، گولہ بارود اور ایک چاقو برآمد کیا گیا ہے۔ پولیس نے حملہ آوروں کو ‘دہشت گرد’ قرار دیا ہے۔
اسلامک جہاد، ایک اور فلسطینی عسکری تنظیم، نے اس حملے کی تعریف کی ہے لیکن اس کی ذمہ داری بھی قبول نہیں کی ہے۔

راموت جنکشن اسرائیل کے زیر قبضہ 1967 کی جنگ میں مقبوضہ علاقے کا حصہ ہے جسے اسرائیل نے بعد میں ضم کر لیا تھا حالانکہ اقوام متحدہ اور زیادہ تر ممالک اس ضم کو تسلیم نہیں کرتے۔
اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم بنجمن نیتن یاہو اس واقعہ کے بعد سیکیورٹی حکام کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔
ریوٹرز کی فوٹیج میں راموت کے علاقے میں پولیس کی بھاری نفری دکھائی دی ہے۔ ایمبولنس سروس کے مطابق ایک پیرامیڈک نے بتایا کہ وہ جائے وقوعہ پر پہنچے تو کئی متاثرہ افراد سڑک اور فٹ پاتھ پر پڑے ہوئے تھے جن میں سے کچھ بے ہوش تھے۔
اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے اس علاقے میں اضافی فوجی تعینات کیے ہیں اور پولیس کی مدد کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ وہ فلسطینی مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر رام اللہ میں بھی آپریشن کر رہی ہے تاکہ دہشت گردی کی کوششوں کو ناکام بنایا جا سکے۔
واضع رہے کہ پچھلے سال اکتوبر میں دو فلسطینیوں نے تل ابیب میں فائرنگ اور چاقو کے حملے میں سات افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔
نومبر 2023 میں بھی دو فلسطینی گن مین نے یروشلم کے ایک بس اسٹاپ پر فائرنگ کر کے تین افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔ اسرائیلی سیکیورٹی حکام نے بتایا تھا کہ 2023 کے حملے میں ملوث افراد کا تعلق حماس سے تھا۔