پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نےقذافی اسٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیکھا جاسکتاہے کہ اسٹیڈیم کا تمام کام مکمل ہوچکا ہے، اسٹیڈیم کی بروقت تعمیر سے کئی لوگوں کے خواب ٹوٹے ہیں۔
پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے قذافی اسٹیڈیم لاہور کا دورہ کیا اور تمام معاملات کا جائزہ لیا ہے۔ اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ چیمپئن ٹرافی کے ا سکواڈ کا اعلان آج تھوڑی دیر بعد کیا جائے گا۔
قذافی اسٹیڈیم کے کام کے حوالے سے انھوں نے کہا ہے کہ اسٹیڈیم کا تمام کام مکمل ہوچکا ہے۔ وہ تمام لوگ جو ایونٹ کو باہر لے کر جانا چاہتے تھے، اسٹیڈیم کے بروقت کام مکمل ہونے سے ان کے خواب ٹوٹے ہیں۔

اسٹیڈیم میں کی گئی نصب کرسیوں پر بات کرتے ہوئے پی سی بی چیئرمین نے کہا کہ اسٹیڈیم میں نصب کی گئی تمام کرسیاں چین سے منگوائی گئی ہیں، جو پرانی کرسیوں سے 5 گنا سستی ہیں۔
اسٹیڈیم میں نصب کی گئی تمام کرسیاں معیاری ہیں اور ان کی بیس سال کی وارنٹی ہے۔ اس کے علاوہ سیٹوں کے معیار پر کسی طرح کا کمپرومائز نہیں کیا گیا اور سرحد پار بھی بات کی گئی ہے۔
قذافی اسٹیڈیم کی تعمیر میں خرچ ہونے والے پیسوں کے حوالے سے انھوں نے کہا ہے کہ جو بجٹ مقرر کیا گیا تھا، اسی کے اندر رہتے ہوئے تمام کام مکمل کیا گیا ہے اور مقررہ بجٹ میں مین بلڈنگ شامل نہیں تھی۔
مزید یہ کہ کرکٹ بورڈ ایک آزاد اور خودمختار ادارہ ہے، حکومت سے نہ ہی پیسے لیتے ہیں اور نہ ہی گرانٹ لیتے ہیں۔ کرکٹ بورڈ کا اپنا پیسہ ہے اور خود خرچ کرسکتے ہیں۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور کے نام کی تبدیلی پر بات کرتے ہوئے پی سی بی چیئرمین نے کہا ہے کہ ابھی اسٹیڈیم کا نام یہی رہے گا اور اس میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔

وزیرِاعظم پاکستان شہباز شریف 7 فروری کو اسٹیڈیم کا افتتاح کریں گے اور افتتاح سے قبل اسٹیڈیم کی تعمیر کا تمام چھوٹا بڑا کام مکمل ہوجائے گا۔اسٹیڈیم کی تعمیر کا کام اکتوبر سے جاری ہے۔
میڈیا کو مخاطب کرتے ہوئے پی سی بی چیئرمین نے کہا کہ اتنے چکر میرے یہاں اسٹیڈیم میں نہیں لگے جتنے آپ لوگوں کے لگے ہیں۔ قذافی اسٹیڈیم کی تعمیر مکمل کرنے کا وعدہ 31 جنوری کا کیا تھا اور وعدہ پورا ہوگیا ہے۔
دوسری جانب نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے افتتاح کے حوالے سے انھوں نے کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری 11 فروری کو نیشنل اسٹیڈیم کا افتتاح کریں گے۔
انھوں نے ناقدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تعمیری تنقید پر سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
محسن نقوی نے کہا ہےکہ چیمپئن ٹرافی کی تقریب کا انعقاد 16 فروری کو آئی سی سی کے ساتھ مل کر کریں گے۔ ہم آئی سی سی سے مسلسل رابطے میں ہیں اور آئی سی سی سے صاف کہا ہے کہ پاسز نہیں ٹکٹس لیں گے۔
چیمپئن ٹرافی کے لیے پاکستان تشریف لانے والی تمام ٹیموں کا ویلکم کریں گے۔

ٹیم سلیکشن پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ چیمپئن ٹرافی کے لیے اسکواڈ کا اعلان تھوڑی دیر میں کردیا جائے گا، ٹیم کا انتخاب سلیکشن کمیٹی کرے گی، کھلاڑیوں کی ٹیم میں شمولیت میرٹ کی بنیاد پر کی جائے گی۔
پاکستانی اوپننگ بلے باز صائم ایوب کےحوالے سے بات کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا ہے کہ صائم کے ڈاکٹر سے مسلسل رابطے میں ہوں، صائم کی طبیعت اب کافی بہتر ہے پلستر بھی اتر گیا ہے، جلد وہ ٹیم میں شامل ہوں گے۔
یاد رہے کہ چیمپئن ٹرافی 2025 کی مہمان نوازی پاکستان کو سونپی گئی ہے، جس کے لیے مقررہ اسٹیڈیمز کی تعمیر اوربحالی کا کام کیا جارہا ہے۔چیمپئن ٹرافی 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان میں کھیلی جائے گی، تاہم اس کے چند میچز دبئی میں کھیلے جائیں گے، کیونکہ انڈیا نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان میں میچز کھیلنے سے انکار کردیا ہے۔