نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل حیدر ملک نے انکشاف کیا ہے کہ ملک بھر میں سیلاب کے باعث جاری ریسکیو آپریشنز میں اب تک صرف پنجاب سے 24 لاکھ افراد کو محفوظ مقامات تک منتقل کیا جا چکا ہے۔
اسلام آباد میں بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ ریسکیو اور ریلیف آپریشنز تیزی سے جاری ہیں، جب کہ آنے والے دنوں میں مزید بارشوں اور گلیشیئر پگھلنے کے سبب صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل حیدر ملک کے مطابق 16 سے 18 ستمبر کے دوران وسطی پنجاب اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں مزید بارشوں کی پیشگوئی ہے، جب کہ درجہ حرارت میں اضافے کے سبب گلیشیئرز بھی تیزی سے پگھل رہے ہیں، جو مزید سیلابی صورتحال پیدا کر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : سرکاری نااہلی سے ڈوبا گجرات، الخدمت فاؤنڈیشن لوگوں کا سہارا کیسے بن رہی ہے؟
بریفنگ کے دوران وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی نے بتایا کہ ملک بھر میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے 900 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ملک میں “موسمیاتی ایمرجنسی” نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر پیشگی اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ انسانی جانوں کا نقصان کم سے کم ہو۔