Follw Us on:

پاکستان میں ’موسمیاتی ایمرجنسی‘ نافذ، آئندہ مون سون کی تیاری ابھی سے کیسے ممکن ہے؟

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Climate change1
پنجاب میں 24 لاکھ اور سندھ میں ڈیڑھ لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ (فوٹو: الجزیرہ)

پاکستان کے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا ہے کہ آئندہ مون سون کی تیاری ابھی سے شروع کرنا ہوگی۔

اسلام آباد میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے دنیا تیزی سے بدل رہی ہے اور وزیراعظم نے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے موسمیاتی ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے شدید متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔ فلاحی ادارے اور نجی تنظیمیں بڑھ چڑھ کر کام کر رہی ہیں۔

سیالکوٹ اور نارووال میں بارشوں سے شدید تباہی ہوئی جبکہ سندھ میں سیلاب سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں اور سیلاب کے باعث اب تک 900 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

Climate change
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں دریائے سندھ میں پانی کی سطح غیر معمولی طور پر بڑھ سکتی ہے۔ (فوٹو: رائٹرز)

این ڈی ایم اے کے چیئرمین انعام حیدر ملک نے کہا کہ آئندہ دو سے تین روز تک مون سون کا سلسلہ جاری رہے گا اور 16 سے 18 ستمبر کے دوران وسطی پنجاب اور آزاد کشمیر میں مزید بارش کا امکان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ہیڈ پنجند اور گڈو بیراج پر پانی کے بہاؤ میں تیزی ہے، تاہم ستلج، راوی اور چناب کے علاقوں میں صورتحال قابو میں ہے۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا کہ ریسکیو آپریشنز جاری ہیں۔ پنجاب میں 24 لاکھ اور سندھ میں ڈیڑھ لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پانی کا دباؤ کم کرنے کے لیے کچھ علاقوں میں بند توڑے گئے۔ پنجاب حکومت کو 9 ہزار ٹینٹ اور 9 ہزار ٹن سے زیادہ راشن فراہم کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اقدامات کی ضرورت ہے کیونکہ بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں۔

دریں اثنا محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں دریائے سندھ میں پانی کی سطح غیر معمولی طور پر بڑھ سکتی ہے۔

محکمے کے مطابق گڈو کے مقام پر انتہائی اونچے درجے جبکہ سکھر کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس