حکومت نے یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن ‘یو ایس سی’ کے آٹھ ہزار سے زائد ملازمین کے لیے 25.3 ارب روپے کا گولڈن ہینڈ شیک ‘سروسز ختم کرنے کا معاوضہ پیکج’ تیار کر لیا ہے۔
وزارتِ صنعت و پیداوار کی ایک دستاویز کے مطابق مستقل ملازمین کے ساتھ ساتھ کنٹریکٹ ملازمین، یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ورکرز اور وفات پانے والے ملازمین کی بیواؤں کے لیے بھی معاوضے کا پیکج ترتیب دیا گیا ہے۔
مستقل ملازمین کے لیے سیورنس پیکج کے تحت 230 ایسے ملازمین جن کی سروس میں دو یا اس سے کم سال باقی ہیں انہیں 357 ملین روپے ملیں گے۔ 643 ملازمین جن کی سروس 20 سال سے زائد ہے انہیں 2.21 ارب روپے ادا کیے جائیں گے۔
اسی طرح 4356 ملازمین جن کی سروس 20 سال سے کم ہے ان کے لیے 10.61 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ یوں 5229 مستقل ملازمین کے لیے کل پیکج 13.18 ارب روپے بنتا ہے۔3323 کنٹریکٹ ملازمین میں سے 41 ایسے ورکرز جن کی سروس میں دو یا اس سے کم سال باقی ہیں انہیں 17 ملین روپے ملیں گے۔
مزید براں 649 ملازمین جن کی سروس 16 سال تک ہے انہیں 615 ملین روپے ادا کیے جائیں گے جبکہ 2633 ملازمین جن کی سروس 16 سال سے زائد ہے انہیں 2.97 ارب روپے ملیں گے۔ اس طرح کنٹریکٹ ملازمین کے لیے کل سیورنس پیکج 3.6 ارب روپے ہوگا۔

یاد رہے کہ یومیہ اجرت پر کام کرنے والوں میں 39 ایسے ملازمین جن کی سروس دو یا اس سے کم سال ہے انہیں 317 ملین روپے دیے جائیں گے۔ 1447 ملازمین جن کی سروس 10 سال تک ہے انہیں 1.5 ارب روپے ادا ہوں گے جبکہ 797 ورکرز جن کی سروس 15 سال سے زائد ہے انہیں 885 ملین روپے ملیں گے۔
یوں یومیہ اجرت پر کام کرنے والے 2854 ملازمین کے لیے کل پیکج 2.72 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 5.75 ارب روپے کے ٹرمینل واجبات اور بیواؤں کے پیکج کو بھی سیورنس پیکج کا حصہ بنایا گیا ہے۔
واضع رہے کہ وزیرِ اعظم کی ہدایت پر یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے آپریشنز 31 جولائی 2025 سے بند کر دیے گئے ہیں اور ادارے کو نجکاری کے پہلے مرحلے میں شامل کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں حکومت نے ایک تفصیلی منصوبہ تیار کیا ہے تاکہ ملازمین کی فلاح اور معقول معاوضے کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔