روس کے علاقے کمچاتکا کے مشرقی ساحل کے قریب ہفتے کے روز شدید زلزلہ آیا جس کی شدت مختلف اداروں نے 7.1 سے 7.4 کے درمیان بتائی ہے۔
جرمن ریسرچ سینٹر فار جیوسائنسز (جی ایف زیڈ) کے مطابق زلزلے کی شدت 7.1 اور گہرائی 10 کلومیٹر تھی، جبکہ امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) نے اس کی شدت 7.4 اور گہرائی 39.5 کلومیٹر ریکارڈ کی۔
بحرالکاہل سونامی وارننگ سسٹم نے خبردار کیا ہے کہ زلزلے کے باعث ممکنہ سونامی کا خطرہ موجود ہے۔
تاہم، جاپانی نشریاتی ادارے این ایچ کے نے موسمیاتی ایجنسی کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ جاپان میں کوئی سونامی وارننگ جاری نہیں کی گئی۔
یاد رہے کہ 30 جولائی کو کمچاتکا کے ساحل پر 8.8 شدت کا طاقتور زلزلہ آیا تھا، جو 1952 کے بعد اس علاقے میں سب سے بڑا زلزلہ تھا۔
اس زلزلے کے نتیجے میں عمارتوں کو نقصان پہنچا اور 4 میٹر تک بلند سونامی لہریں پیدا ہوئیں، جس کے بعد بحر الکاہل کے مختلف حصوں میں وارننگز اور انخلا کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔
اس واقعے میں دور دراز روسی علاقوں میں کئی افراد زخمی ہوئے تھے جبکہ جاپان کے مشرقی ساحلی علاقوں میں بھی 2011 کے تباہ کن زلزلے اور سونامی کی یاد تازہ کرتے ہوئے انخلا کے احکامات دیے گئے تھے۔