پاکستان کے سپر اسٹار فواد خان اور انڈین اداکارہ وانی کپور کی نئی فلم ’عبیر گلال‘ ریلیز کر دی گئی، جس نے ریلیز کے پہلے ہی دن مداحوں کے دل جیت لیے۔
فواد خان اور وانی کپور کی یہ رومانوی کامیڈی پاکستان، متحدہ عرب امارات سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں نمائش کے لیے پیش کی گئی ہے، جہاں اسے شائقین کی جانب سے زبردست پذیرائی مل رہی ہے۔ تھیٹرز میں فلم کو مثبت ردِعمل مل رہا ہے اور ابتدائی شوز کامیاب قرار دیے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ عبیر گلال‘ کی ہدایت کاری آرتی ایس بگڈی نے کی ہے۔ فلم کی کہانی ایک امیر اور ضدی لڑکی کے گرد گھومتی ہے، جو اپنے والد کی مرضی کے خلاف زندگی گزارنے اور اپنے خواب پورے کرنے کا فیصلہ کرتی ہے۔ وانی کپور اس باغی اور لاڈلی لڑکی کے کردار میں نظر آ رہی ہیں، جو لندن جا کر بالی ووڈ ڈانس ٹیچر بننے کی کوشش کرتی ہیں۔
دوسری جانب فواد خان فلم میں ایک ریسٹورنٹ کے مالک کا کردار ادا کر رہے ہیں، جن سے وانی کپور کی ملاقات طنز و مزاح سے بھرپور ماحول میں ہوتی ہے۔ دونوں کے درمیان جاندار کیمسٹری فلم کا خاص پہلو قرار دی جا رہی ہے۔

یاد رہے کہ ابتدائی طور پر عبیر گلال کو نو مئی 2025 کو ریلیز کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی، تاہم فلم کو انڈیا میں مختلف سیاسی حلقوں کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا تھا، خاص طور پر مہاراشٹر نو نرمان سینا نے فلم کی ریلیز کے خلاف احتجاج کیا تھا ۔
یہ بھی پڑھیں : گرین ای ٹیکسی سکیم، مفت گاڑی کس کو ملے گی اور کس نہیں؟
22 اپریل کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد عوامی جذبات مزید بھڑک اٹھے، جس کے بعد فلم کی نمائش انڈیا میں روک دی گئی تھی۔
عبیر گلال کو 29 اگست کو دبئی میں نمائش کے لیے پیش کیا جانا تھا مگر ایک بار پھر ڈسٹری بیوٹرز اِسے وقت پر ریلیز کرنے میں ناکام رہے اور آخر کار فلم کو 12 ستمبر کو سوائے انڈیا کے دنیا بھر کے تھیٹرز میں نمائش کے لیے پیش کر دیا گیا۔