April 12, 2025 10:58 pm

English / Urdu

Follw Us on:

بہاولنگر میگا کرپشن اسکینڈل میں پیش رفت، سابقہ سی ای او ایجوکیشن شاہدہ حفیظ گرفتار

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
(فائل فوٹو: پاکستان میٹرز)

بہاولنگر محکمہ تعلیم میں ایڈیشنل گرانٹ کے نام پر 50 کروڑ روپے سے زائد کی مبینہ میگا کرپشن کا سنسنی خیز انکشاف ہوا ہے۔ اینٹی کرپشن حکام نے کارروائی کرتے ہوئے سابقہ سی ای او ایجوکیشن شاہدہ حفیظ کو گرفتار کر لیا ہے، جسے اسکینڈل کا مرکزی کردار بتایا جا رہا ہے۔

ایف آئی آر سرکل آفیسر اینٹی کرپشن اکرم ذکی کی مدعیت میں درج کی گئی، جس میں سابقہ سی ای او، بجٹ اینڈ اکاؤنٹس آفیسر اور دیگر افسران پر سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

ایف آئی آر کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے ضلع بہاولنگر کے اسکولوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے دی گئی کروڑوں روپے کی گرانٹ کو مبینہ طور پر ملی بھگت سے خرد برد کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اینٹی کرپشن ٹیم  نے کاروائی کرتے ہوئے چھاپہ مارا، جس میں سابقہ سی ای او ایجوکیشن کو گرفتار کیا گیا۔

(فائل فوٹو: گوگل)

سابقہ سی ای او کی گرفتاری کے بعد محکمہ اکاؤنٹس سمیت دیگر ملوث افسران روپوش ہو گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں، کیونکہ اسکینڈل کی تفتیش میں بڑے انکشافات سامنے آ رہے ہیں۔

دوسری جانب محکمہ تعلیم نے اس کرپشن اسکینڈل میں ملوث ہونے کے شبہ میں 81 ہیڈ ماسٹرز کو ان کے عہدوں سے فارغ کر دیا ہے، جس سے تعلیمی حلقوں میں شدید اضطراب پایا جا رہا ہے۔

ملزمہ شاہدہ حفیظ کو گرفتاری کے بعد علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے انھیں تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر اینٹی کرپشن حکام کے حوالے کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق دورانِ تفتیش ملزمہ  نے مبینہ طور پر اہم انکشافات کیے ہیں، جن کی بنیاد پر مزید تحقیقات جاری ہیں۔

(فوٹو: گوگل)

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس میگا کرپشن اسکینڈل نے بہاولنگر میں ہلچل مچا دی ہے، جس کی وجہ سے عوامی سطح پر محکمہ تعلیم اور محکمہ خزانہ کے اندرونی معاملات پر سخت سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کرپشن میں ملوث تمام ذمہ داران کو بے نقاب کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور انھیں آئین و قانون کے مطابق سخت سزائیں دی جائیں۔

یاد رہے کہ 23 جنوری کو محکمہ تعلیم بہاولنگر کے 50 کروڑ روپے سے زائد کے مالیاتی کرپشن اسکینڈل میں ملوث اسکول ہیڈ ماسٹرز کے تمام مالی اختیارات ختم کر دیے گئے تھے۔

سی ای او ایجوکیشن بہاولنگر ڈاکٹر اسحاق  نے باضابطہ طور پر مراسلہ جاری کیا تھا کہ اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی ہدایت پر مالی و انتظامی اختیارات سلب کیے گئے ہیں۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس