چیمپئنز ٹرافی کی آن لائن ٹکٹوں کی فروخت کے بعد فزیکل ٹکٹوں کا مرحلہ کل سے شروع ہو گا، جس کے لیے شائقین کرکٹ پی سی بی کی طرف سے منتخب کردہ کورئیر سروس سے فزیکل ٹکٹیں خرید سکیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پاکستان میں ہونے والے میچوں کے ٹکٹس ملک بھر کے 26 شہروں کے ٹی سی ایس کے 108 آؤٹ لیٹس پر دستیاب ہوں گے۔
اس ہفتے آن لائن ٹکٹوں کی فروخت کے بعد، فزیکل ٹکٹ شائقین کے لیے ایونٹ کی میزبانی کرنے والے پاکستان کے 26 شہروں میں واقع 108 ٹرانزم کورئیر سروس (TCS) مراکز پر دستیاب ہوں گے۔
واضح رہے کہ دبئی، متحدہ عرب امارات میں 20 اور 23 فروری اور 2 مارچ کو کھیلے جانے والے بھارتی میچوں کے ٹکٹوں کی معلومات مقررہ وقت پر جاری کی جائیں گی۔
اتوار، 9 مارچ کو کھیلے جانے والے چیمپئنز ٹرافی فائنل کے ٹکٹ دبئی میں پہلے سیمی فائنل کے اختتام کے بعد خریداری کے لیے دستیاب ہوں گی۔
یاد رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے9ویں ایڈیشن کا آغاز 19 فروری کو کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں میزبان اور دفاعی چیمپئن پاکستان نیوزی لینڈ سے ہوگا،آٹھ ٹیموں پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ 19 دنوں میں 15 میچوں پر مشتمل ہوگا اور یہ پاکستان اور دبئی میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی 2025 کے میچوں کی میزبانی کے لیے راولپنڈی، لاہور اور کراچی تین مقامات ہوں گے۔ پاکستان کے ہر مقام پر تین گروپ میچز ہوں گے، دوسرے سیمی فائنل کی میزبانی لاہور کرے گا۔
اگر انڈیاچیمپئنز ٹرافی میں فائنل کے لیے کوالیفائی نہیں کرتا تو فائنل لاہور قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، اگر انڈیا فائنل کے لیے کوالیفائی کر جاتا ہے تو اس صورت میں فائنل دبئی میں کھیلا جائے گا۔
سیمی فائنل اور فائنل دونوں میں ریزرو دن ہوں گے۔ بھارت پر مشتمل تین گروپ میچوں کے ساتھ ساتھ پہلا سیمی فائنل دبئی میں کھیلا جائے گا۔
خیال رہے کہ جنرل اسٹینڈ ٹکٹ کی قیمتیں ایک ہزارپاکستانی روپے سے شروع ہوں گی جبکہ پریمیم سٹنگ مختلف کیٹیگریز میں 15سو پاکستانی روپے سے دستیاب ہوں گی۔