وزیر اعظم شہباز شریف اور سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ (ایس ایف ڈی)کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلطان عبدالرحمن المرشد نے پاکستان اور سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے درمیان 1.61 بلین ڈالر کے دو اہم معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے معاہدوں پر دستخط کیے گے۔ ان میں سعودی عرب سے 1.20 بلین ڈالر مالیت کے تیل کی درآمدات کے لیے موخر ادائیگی کی سہولت شامل ہے،جس کی ادائیگی ایک سال کے دوران کی جائے گی اور اس کے ساتھ خیبرپختونخوا میں مانسہرہ میں گریویٹی فلو واٹر سکیم کی تعمیر کے لیے رعایتی قرض کا معاہدہ ہوا جس کی رقم 41 ملین ڈالر ہے۔
معاہدوں پر اقتصادی امور ڈویژن کے سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز اور ایس ایف ڈی کے سی ای او سلطان عبدالرحمن المرشد نے اپنی اپنی حکومتوں کی طرف سے دستخط کئے۔
تقریب میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سمیت وفاقی وزراء اور پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے شرکت کی۔
وزیر اعظم شہباز نے آئل امپورٹ فنانسنگ فیسیلٹی کی منظوری کا اظہار کیا جس سے پاکستان ایک سال کے لیے موخر ادائیگیوں پر تیل حاصل کر سکے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ معاہدہ مالیاتی دباؤ کو کم کرتے ہوئے مستحکم پٹرولیم سپلائی کو محفوظ بنا کر پاکستان کی اقتصادی لچک کو مضبوط کرے گا۔

ایس ایف ڈی مانسہرہ میں گریوٹی فلو واٹر سپلائی سکیم کے لیے 41 ملین ڈالر بھی فراہم کرے گا، جس سے ایک لاکھ 50 ہزار رہائشیوں کے لیے پینے کے صاف پانی تک رسائی میں بہتری آئے گی۔ توقع ہے کہ یہ منصوبہ 2040 تک خطے میں پانی کی طلب کو پورا کرے گا، جس سے 2 لاکھ سے زائد افراد مستفید ہوں گے اور صحت عامہ اور معیار زندگی میں اضافہ ہوگا۔
ان معاہدوں پر دستخط سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے اقتصادی تعاون میں ایک اہم پیش رفت کی نشاندہی کرتے ہیں، دونوں منصوبوں کا مقصد ضروری خدمات کی فراہمی اور ملک کے معاشی استحکام کو مضبوط بنانا ہے۔