صوبہ خیبرپختونخوا کا شہر سوات اپنی قدرتی خوبصورتی اور دلکش نظاروں کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہے۔ لیکن اس کے ساتھ یہاں کے ہنر مند کاریگر ہاتھ سے بنے لکڑی کے انٹیک فرنیچر کی تیاری میں بھی اپنی مثال آپ ہیں۔
یہ فرنیچر مکمل طور پر روایتی تکنیک اور ہاتھ کی مہارت سے تیار کیا جاتا ہے، جس میں دیودار اور شہتوت جیسی اعلیٰ معیار کی مضبوط لکڑی استعمال کی جاتی ہے۔
سواتی فرنیچر اپنی نفیس کاریگری، باریک نقش و نگار اور روایتی ڈیزائنز کی بدولت پہچانا جاتا ہے۔ ہر فرنیچر کا ٹکڑا پرانی روایات اور ثقافت کا عکس ہوتا ہے، جو نہ صرف دیکھنے میں دلکش ہے بلکہ پائیداری کے اعلیٰ معیار پر پورا اترتا ہے۔
سواتی فرنیچر ملک بھر میں مقبول تو ہے ہی لیکن اس کی طلب بیرونِ ممالک میں بھی بہت زیادہ ہے۔ امریکہ، یورپ، اور مشرق وسطیٰ کے ممالک میں لوگ اس فرنیچر کو اپنی گھریلو سجاوٹ کا حصہ بناتے ہیں کیونکہ یہ انہیں پرانے وقتوں کی سادگی اور خالص پن کی یاد دلاتا ہے۔
سوات کے کاریگر جدید مشینری کی بجائے روایتی اوزار استعمال کرتے ہیں، جس سے ہر ٹکڑے میں ان کی محنت اور مہارت کی جھلک نمایاں ہوتی ہے۔ یہ فرنیچر نہ صرف گھروں اور دفاتر کی زینت بنتا ہے بلکہ ہوٹلوں، ریزورٹس، اور ثقافتی مقامات پر بھی اپنی خوبصورتی بکھیرتا نظر آتا ہے۔
اس صنعت کی بدولت سوات میں مقامی معیشت کو فروغ مل رہا ہے۔ بہت سے خاندانوں کا روزگار بھی اسی ہنر سے جڑا ہوا ہے۔ یہ فرنیچر نہ صرف ایک آرٹ فارم ہے بلکہ پاکستان کی ثقافتی ورثے کا اہم حصہ بھی ہے، جو دنیا بھر میں ہماری روایات اور ہنر مندی کی نمائندگی کرتا ہے۔
سوات کے ان کاریگروں کی محنت اور انٹیک فرنیچر کی منفرد خوبصورتی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ روایتی ہنر کبھی پرانا نہیں ہوتا، بلکہ وقت کے ساتھ ساتھ اس کی قدروقیمت مزید بڑھ جاتی ہے۔