اپریل 4, 2025 7:39 صبح

English / Urdu

Follw Us on:

افتتاحی تقریب، کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کیا ہو رہا ہے؟

مادھو لعل
مادھو لعل

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں تزئین و آرائش کے بعد رنگا رنگ افتتاحی تقریب جاری ہے، بڑی تعداد میں شائقینِ کرکٹ اسٹیڈیم میں موجود ہیں، ملک کے نامور گلوکاروں کی جانب سے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے، اسٹیڈیم میں چاروں طرف پاکستان کے نعروں کی گونج سنائی دے رہی ہے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا افتتاح کر دیا گیا ہے، افتتاحی تقریب میں وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی ہے، افتتاحیہ تقریب میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور میئر کراچی مرتضٰی وہاب بھی شریک ہیں۔

افتتاحیہ تقریب میں ملک کے نامور گلوکار علی ظفر نے اسٹیج پر اپنی شاندار گلوکاری سے شائقین کو محظوظ کیا ہے، علی طفر نے اسٹیڈیم میں ‘میدان سجے گا، اب سیٹی بجے گی’ گا کر تقریب کو چار چاند لگا دیے ہیں، علی طفر کا ساتھ دیگر چھوٹے اداکاروں نے بھی دیا ہے۔

علی ظفر نے اسٹیج پر اپنی شاندار گلوکاری سے شائقین کو محظوظ کیا ہے۔ (پی سی بی)

پاکستان کے نامور گلوکار ساحر علی بگا کی جانب سے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا گیا ہے، جس میں ان کا ساتھ پاکستان کی معروف گلوکارہ افشاں فواد نے دیا، ان کے گانوں پہ ڈالے گئے بھنگڑے نے تقریب کی رونق کو چار چاند لگا دیے، شائقینِ کرکٹ نے اس لمحے سے بھر پور لطف اٹھایا ہے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ‘دل دل کی آواز، پاکستان زندہ باد’ کے نعرے گونجے ہیں، ساحر علی بگا نے اپنے ترانوں سے شائقین میں جوش و جذبہ اجاگر کیا ہے۔

ساحر علی بگا کی جانب سے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔ (فوٹو: پی سی بی)

ساحر علی بگا کے بعد دنیا بھر میں منفرد پہچان رکھنے والے معروف سنگر شفقت امانت علی اسٹیج پر تشریف لائے اور شائقین کو اپنے گانوں سے محظوظ کیا، انھوں نے اپنے منفرد گانوں سے تقریب میں سماں باندھ دیا۔

شفقت امانت علی اسٹیج پر تشریف لائے ہیں اور شائقین کو اپنے گانوں سے محظوظ کر رہے ہیں۔ (پی سی بی)

تقریب میں کھلاڑیوں نے اسٹیج پر آ کر ٹیم کی جرسی کی نمائش کی ہے، کپتان محمد رضوان، نائب کپتان سلمان علی آغا سمیت متعدد کھلاڑیوں نے شائقین کا شکریہ ادا کیا ہے۔

پاکستان کے سٹار بلے باز بابراعظم نے کہا ہے کہ کراچی والوں سے درخواست ہے کہ وہ کل میچ دیکھنے آئیں، چیمپیئنز ٹرافی میں ٹیم کے سپورٹ کی ضرورت ہے۔ فاسٹ بولر نسیم شاہ نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف میچ کے لیے پرامید ہیں۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں رنگ برنگی افتتاحیہ تقریب ہوئی, جس میں آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا ہے، ترانوں، گانوں اور پاکستان زندہ باد کے نعروں کی آواز سے اسٹیڈیم گونج اٹھا ہے۔

کپتان محمد رضوان، نائب کپتان سلمان علی آغا سمیت متعدد کھلاری شائقین کا شکریہ ادا کر رہے ہیں۔ (فوٹو: پی سی بی)

نیشنل اسٹیڈیم میں نشریاتی معیار کو بہتر بنانے کے لیے 350 ایل ای ڈی لائٹس نصب کی گئی ہیں، دو ڈیجیٹل ری پلے نصب کیے گئے ہیں، جب کہ 5 ہزار کرسیوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ مزید یہ کہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے جدید معیار کے روم اور ہاسپٹلٹی باکسز بنائے گئے ہیں۔

شائقین تزئین و آرائش کے بعد اسٹیڈیم میں ہونے والی اس پروقار تقریب سے لطف اندوز ہو رہے ہیں، افشاں فواد، ساحر علی بگا کی آواز، ڈھول کی تھاپ، بھنگڑے اور ماحول نے شائقین میں خوشی کی لہر دوڑا دی ہے۔ شائقین اپنے موبائل کی روشنیوں سے داد دے رہے ہیں۔

شائقین تزئین و آرائش کے بعد اسٹیڈیم میں ہونے والی اس پروقار تقریب سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ (فوٹو: گوگل)

نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے اطراف میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، تاہم رش کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ سہ ملکی سیریز اور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کی میزبانی کے لیے نیشنل اسٹیڈیم مکمل طور پر تیار ہے۔

یاد رہے کہ کہا گیا تھا کہ صدر آصف علی زرداری افتتاحیہ تقریب میں شرکت کریں گے، مگر ان کی جگہ اب وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تقریب میں شرکت کرنی ہے۔

مادھو لعل

مادھو لعل

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس