سینٹ کے اجلاس میں اپوزیشن نے اسٹیٹ بینک ترمیمی بل پیش کیا تو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اجلاس ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا، اپوزیشن کے سینیٹرز نے چیئرمین ڈائس کے سامنے جمع ہو کر احتجاج کرناشروع کر دیا۔
ایم کیو ایم اور جے یو آئی نے اپوزیشن کے پیش کردہ اسٹیٹ بینک ترمیمی بل کی حمایت کی جبکہ حکومتی سینیٹرز نے اس بل کی سخت مخالفت کی۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نےبل پیش کرنے کے بعد نتیجہ اخذ کیے بغیر سینیٹ کا اجلاس ملتوی کرنے کا اعلان کیا تو اپوزیشن نے چیئرمین ڈائس کے سامنے جمع ہو کر احتجاج کرنا شروع کر دیا۔
اپوزیشن سینیٹرز نے کہا کہ آپ بل پیش ہوئے بغیر اجلاس ملتوی نہیں کر سکتے، جس کا ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے سختی سے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’میں کر سکتا ہوں آپ کیا کر لیں گئے؟
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے بل پیش کرنے کی تحریک پر ووٹنگ کا نتیجہ بتانے کے بجائے اجلاس ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔
واضح رہے کہ سینیٹ کے اس اجلاس میں اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافے کا بل منظور کر لیا گیا۔
حکومت کی جانب سے پارلیمنٹ کے اراکین کی تنخواہوں اور الاؤنسز کے لیے بل پیش کیا گیا تھا جسے متفقہ طور پر اراکین سینیٹ نے منظور کر لیا ہے۔