دن بدن بڑھتی ہوئی مہنگائی نے جہاں غریب عوام کا جینا دوبھر کر رکھا ہے، وہیں ایک ایسا طریقہ بھی موجود ہے، جس سے گھر پر سبزیاں اگا کر افراطِ زر کو خدا حافظ کہا جا سکتا ہے۔
آج کے اس مہنگے دور میں کوئی بھی چیزایسی نہیں ہے جو غریب آدمی کی بساط میں ہو اور آسانی سے میسر ہو، مگر ‘پاکستان میٹرز’ لایا ہے سب کے لیے ایک ایسا طریقہ جس سے محض 15 ہزار کی سرمایہ کاری سے آپ گھر پر کیمیکلز سے پاک کھیتی باڑی کر کے سبزیاں اگا سکتے ہیں۔ اس تکنیک کو کچن گارڈننگ کا نام دیا جاتا ہے۔
کچن گارڈننگ کم مہنگی ہونے کے ساتھ ساتھ صحت مند اور کیمیکلز سے پاک سبزیاں اگانے کا ایک کار آمد طریقہ ہے، جس سے کم پیسوں میں تازہ خوراک حاصل کی جا سکتی ہے۔
مزید پڑھیں: رات کو جنک فوڈ کی شدید خواہش: ایک دلچسپ سائنسی حقیقت جو آپ کو حیران کر دے گی
‘پاکستان میٹرز’ کو کچن گارڈننگ کرنے والے طالب علم عبدالمعیز نے بتایا ہے کہ اس تکنیک سے عام برتنوں، پرانی بوتلوں اور عام مٹی کے استعمال سے محدود جگہ پر اچھی پیداوار حاصل کی جا سکتی ہے۔
عبدالمعیز نے بتایا کہ گھر میں پھل اور سبزیاں اگانے سے تازہ اور لذیذ کھانا ملتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ کہ کیسے مختلف جگہوں پر مختلف سبزیاں قابلِ کاشت ہوتی ہیں اور ان سے زمین کی تزئین کا بھی فائدہ ہو جاتا ہے۔
عبدالمعیز کا کہنا ہے کہ ہر گھر میں جتنی جگہ ہو اس حساب سے سبزیاں اگائی جائیں، مزید یہ کہ مرچیں اور پالک جیسی سبزیاں لازمی اگائی جائیں، کیونکہ یہ ہر گھر کے لیے ضروری ہیں۔