کراچی میں ٹریفک حادثات معمول بن گئے ہیں، ٹریفک پولیس کی ناکامی کے باعث تیز رفتاری کے واقعات رونما ہوتے ہیں جوکہ حادثات کا سبب بنتے ہیں۔
کراچی کے سائٹ ایریا میں ٹرک کی ٹکر سے مزدور جاں بحق ہوگیا، جس کی شناخت وقاص مجید کے نام سے ہوئی، پولیس نے واقعے میں ملوث ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے۔
دریں اثنا، شاہراہ فیصل فاران ہوٹل کے قریب ٹریفک حادثے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے، عینی شاہدین کے مطابق حادثہ تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے پیش آیا۔
کار سوار کافی دور سے تیز رفتاری سے آ رہا تھا اور موٹر سائیکل کو ٹکر مارنے کے بعد روندتا ہوا کافی دور تک لے گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے بعد تیز رفتار کار کئی بار فٹ پاتھ سے ٹکرائی، موٹرسائیکل سوار بائکیا رائیڈر تھا جس کی شناخت 43 سالہ شکیل حیدر کے نام سے ہوئی۔
دوسرے شخص کی شناخت نہیں ہوسکی، ضابطے کی کارروائی کیلئے لاشیں جناح اسپتال منتقل کردی گئیں۔
دریں اثنا نمائش چورنگی کے قریب دو موٹر سائیکلوں میں تصادم ہوگیا، حادثے میں ایک نوجوان جاں بحق اور دوسرازخمی ہوگیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق لاش اور زخمی کو ہسپتال منتقل کردیا گیا،جاں بحق شخص کی شناخت 24 سالہ رضا کے نام سے ہوئی۔