لاہور پولیس نے دھرم پورہ بیجنگ انڈر پاس پر فائرنگ کرنے والے چار ملزمان گرفتار کرلیا۔
لاہور کے علاقے دھرم پورہ بیجنگ انڈر پاس پر فائرنگ اور لڑائی جھگڑے کا واقعہ شدید طول پکڑ گیا، ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے پولیس کو اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے واقعہ کا نوٹس لے کر خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے، پولیس نے واقعے میں ملوث چار ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، باقی ملزمان کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا ہے کہ واقعے میں ملوث گارڈز کی سکیورٹی کمپنی کے خلاف بھی کارروائی کی جائے، ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیے سیف سٹی کیمروں کی مدد لی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قانون سے بالاتر کوئی نہیں، قانون ہاتھ میں لینے والا جیل جائے گا، ملزمان نے عمران نامی شہری پرتشدد کیا، سر عام فائرنگ سے خوف و ہراس پھیلایا۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے، جس میں نجی کمپنی کے گارڈز کو کھلے عام بدمعاشی اور شہریوں کے ساتھ بدتمیزی کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
نجی کمپنی کے گارڈز نے ایک نہتے شہری کو تشدد کا نشانہ بنایا اور اس پر سرِعام فائر بھی کیا۔