April 19, 2025 10:44 pm

English / Urdu

Follw Us on:

امریکی سفری پابندیاں لاگو: پاکستانی کن مسائل کا سامنا کریں گے؟

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے پاکستان سمیت 43 ممالک کے شہریوں پر سفری پابندیاں عائد کرنے کی تجویز پر غور شروع کر دیا ہے۔ اس حوالے سے ان ممالک کو تین کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے، جن میں پہلی کیٹیگری ریڈ لسٹ ہے، جس میں افغانستان، ایران، لیبیا، یمن اور شمالی کوریا سمیت 11 ممالک کو شامل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ ریڈ لسٹ میں شامل ممالک کے شہریوں کے ویزے مکمل طور پر معطل کر دیے جائیں گے۔

دوسری کیٹیگری اورنج لسٹ ہے، جس میں پاکستان، روس اور سوڈان سمیت 10 ممالک شامل ہیں۔ ان ممالک کے شہریوں کے امیگرینٹ اور سیاحتی ویزے محدود کیے جائیں گے۔ جبکہ تیسری کیٹیگری یلو لسٹ ہے، جس میں 22 ممالک کو شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

یہ سفری پابندیاں ایسے وقت میں زیر غور آئی ہیں جب 6 مارچ 2025 کو ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ امریکی حکومت افغانستان اور پاکستان کے شہریوں پر امریکا میں داخلے پر پابندی عائد کر سکتی ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اس اقدام سے ہزاروں افغان مہاجرین متاثر ہو سکتے ہیں، جو طالبان کی انتقامی کارروائی سے بچنے کے لیے امریکا میں آباد ہونا چاہتے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے 20 جنوری کو ایک ایگزیکٹو آرڈر جاری کیا تھا، جس میں قومی سلامتی کے خطرات کے پیش نظر امریکا میں داخل ہونے والے غیر ملکی شہریوں کی سخت جانچ پڑتال کا حکم دیا گیا تھا۔ اس حکم کے تحت متعلقہ اداروں کو 12 مارچ تک ان ممالک کی فہرست فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی تھی، جن کی اسکریننگ اور جانچ پڑتال کے نظام کو ناکافی سمجھا جاتا ہے۔

ذرائع کے مطابق افغانستان کو مکمل سفری پابندیوں کی فہرست میں شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ پاکستان کو بھی سفری پابندیوں کی سفارش کردہ فہرست میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ تاہم، امریکی محکمہ خارجہ، محکمہ انصاف اور ہوم لینڈ سیکیورٹی نے اس معاملے پر فوری تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔ یہ پابندیاں ٹرمپ کی پہلی مدت کے دوران سات مسلم اکثریتی ممالک کے شہریوں پر عائد کی گئی سفری پابندیوں کی توسیع سمجھی جا رہی ہیں، جنہیں 2018 میں امریکی سپریم کورٹ نے برقرار رکھا تھا، مگر سابق صدر جو بائیڈن نے 2021 میں اس پابندی کو ختم کر دیا تھا۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس