نصیبو لال نے اپنے بھائی شاہد لال کے کہنے پر مقدمہ واپس لے لیا اور اپنے شوہر کے ساتھ صلح کر لی۔
نجی نشریاتی ادارہ جیو نیوز کےساتھ گلوکارہ کے بھائی نے بات کرتے ہوئے کہا کہ بہنوئی غصے کا تیز ہے جسے سمجھا بجھا کر معاملہ حل کردیا ہے۔
نصیبو لال کے بھائی شاہد لال نے بتایا کہ بہن اور بہنوئی کے درمیان اکثر چھوٹے موٹے جھگڑے ہوجاتے ہیں لیکن اس مرتبہ ہاتھا پائی کی وجہ سے ایف آئی آر درج کروانے کی نوبت آئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں میاں بیوی کے درمیان صلح ہوگئی ہے اور بہنوئی نے آئندہ ایسا نہ کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی ہے۔
دوسری جانب گلوکارہ نصیبو لال نے شوہر کے خلاف مقدمہ واپس لینے کی تصدیق کی اور کہا کہ شوہر کے خلاف مقدمہ واپس لے لیا۔
نصیبو لال نے ایف آئی آر درج کرائی تھی کہ وہ گھر کے صحن میں بیٹھی تھیں جب ان کے شوہر نے بدزبانی کی اور پھر قریب پڑی اینٹ اٹھا کر ان کے سر پر مار دی، جس سے ان کے چہرے اور ناک پر شدید چوٹیں آئیں۔ گلوکارہ نے مزید کہا کہ ان کا شوہر اکثر ان سے لڑائی جھگڑا کرتا ہے، مگر اس بار اس نے اینٹ مار کر اور گالی گلوچ کرکے زیادتی کی، لہٰذا اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
نصیبو لال پاکستان کی معروف فوک گلوکارہ ہیں، جو اردو، پنجابی، سرائیکی اور مارواڑی زبانوں میں گانے گاتی ہیں۔ انہوں نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کا ترانہ بھی گایا تھا۔
واضح رہے کہ دسمبر 2024 میں ڈان نیوز نے ایک سٹوری پبلش کی تھی جس کے مطابق نصیبو لال کے شوہر نے ایک شخص پر فائرنگ کی تھی جس وجہ سے پولیس نے اسے گرفتار کیا تھا۔
گلوکارہ کے شوہر نوید بلوچ کو شاہدرہ ٹاؤن میں اپنے محلے میں فائرنگ کرکے ایک شخص کو زخمی کرنے کے کیس میں گرفتار کیا تھا۔
مقدمے میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ملزم نوید بلوچ اور اہل محلہ کے افراد میں لڑائی جھگڑا ہوا، جس دوران گلوکارہ کے شوہر نے فائرنگ کی۔
لاہور پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر ملزم نوید بلوچ کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کیا تھا، جنہیں رہا کرانے کے لیے نصیبو لال بھی تھانے پہنچی تھی اور پوری رات تھانے میں گزاری۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ماڈل و اداکارہ زینب جمیل نے بھی اپنے سابقہ شوہر پر قاتلانہ حملے کا الزام عائد کیا تھا، جس کے بعد گھریلو تشدد کے واقعات پر ایک بار پھر بحث چھڑ گئی ہے