April 19, 2025 12:25 pm

English / Urdu

Follw Us on:

لاہور کو اس کی اصل حالت میں بحال کرنا قومی فریضہ ہے، سابق وزیرِاعظم نواز شریف

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
لاہور کو اس کی اصل حالت میں بحال کرنا قومی فریضہ ہے (فوٹو: پی ایم ایل این)

سابق وزیرِاعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ لاہور کو اس کی اصل حالت میں بحال کرنا قومی فریضہ ہے، یورپ میں صدیوں پرانی عمارتیں آج بھی اپنی اصل شکل میں موجود ہیں اور پاکستان میں بھی ہمیں اپنی تاریخی وراثت کو محفوظ بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنا ہوں گے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں لاہور کے تاریخی ورثے کی بحالی اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے بڑے فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں “لاہور اتھارٹی فار ہیریٹیج ریوائیول (LAHR)” کے قیام کا اعلان کیا گیا، جس کے پیٹرن انچیف نواز شریف ہوں گے۔ اس اتھارٹی کا مقصد لاہور کے تاریخی مقامات کو اصل حالت میں بحال کرنا اور انہیں محفوظ بنانا ہے۔

اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ لاہور کے مختلف تاریخی مقامات سے تجاوزات کی نشاندہی اور انہیں فوری طور پر ہٹانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ نواز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ تجاوزات کے متاثرین کو متبادل جگہ فراہم کی جائے اور ان کے نقصانات کا مناسب معاوضہ دیا جائے۔

متبادل جگہ فراہم کی جائے اور ان کے نقصانات کا مناسب معاوضہ دیا جائے۔ (فوٹو: پی ایم ایل این)

مریم نواز نے سرکلر روڈ اور تاریخی دروازوں کے اطراف تجاوزات پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے فوری کارروائی کی ہدایت دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ لاہور کے قدیمی حسن کو بحال کرنے میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔

لاہور کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے بھی متعدد اقدامات پر غور کیا گیا، اجلاس میں بتایا گیا کہ مال روڈ پر بجلی کے تاروں کی انڈر گراؤنڈ شفٹنگ کا کام تیزی سے جاری ہے، جب کہ شہر کے پانچ مختلف مقامات پر انڈر گراؤنڈ پارکنگ کے منصوبے کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

نیلا گنبد کی تاریخی عمارت کو اصل صورت میں بحال کرنے کے لیے تجاویز اور سفارشات کا جائزہ لیا گیا، جب کہ سرکلر روڈ، باغیچوں اور قدیمی بدرو کو ان کی اصل حالت میں بحال کرنے کا اصولی فیصلہ بھی کر لیا گیا۔

اجلاس میں شاہی قلعہ، مقابر جہانگیر و نور جہاں، شالامار باغ، کامران کی بارہ دری اور دیگر اہم تاریخی مقامات کی بحالی پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اس کے علاوہ شاہ عالم مارکیٹ سے بھاٹی گیٹ تک پیدل چلنے والوں کے لیے خصوصی گزرگاہ بنانے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔

اس موقع پر نواز شریف نے کہا کہ لاہور کو اس کی اصل حالت میں بحال کرنا قومی فریضہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یورپ میں صدیوں پرانی عمارتیں آج بھی اپنی اصل شکل میں موجود ہیں اور پاکستان میں بھی ہمیں اپنی تاریخی وراثت کو محفوظ بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنا ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ لاہور کبھی انڈو پاک کا ثقافتی مرکز سمجھا جاتا تھا، لیکن تجاوزات کی وجہ سے اس کی رونقیں ماند پڑ گئی ہیں۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف کامیاب کارروائی پر ایف آئی اے افسران کو اعزازی انعامات سے نوازا

دوسری جانب وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ چند سالوں میں لاہور کی ایک نئی اور خوبصورت شکل نظر آئے گی اور تجاوزات کے خاتمے کے بغیر یہ ممکن نہیں۔ لاہور کے تاریخی ورثے کی بحالی کے اس بڑے منصوبے کے تحت شہر کی قدیمی اور ثقافتی شناخت کو محفوظ بنایا جائے گا، جس سے نہ صرف لاہور بلکہ پورے پاکستان کے لوگ محظوظ ہوں گے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس