جنوبی افریقی آل راؤنڈر کوربن بوش نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے قانونی نوٹس کا جواب دیتے ہوئے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سے دستبرداری کے فیصلے کی وضاحت کر دی۔
نجی نشریاتی ادارے جیو سپر کے مطابق بوش نے مالیاتی تحفظ اور طویل مدتی کیریئر کی ترقی کو اپنے فیصلے کی بنیادی وجوہات قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کا مقصد پی ایس ایل کو نقصان پہنچانا نہیں تھا، بلکہ ممبئی انڈینز میں شمولیت ایک اسٹریٹجک فیصلہ تھا، کیونکہ آئی پی ایل میں فرنچائز کا غلبہ اور مختلف لیگز کے ساتھ اس کے روابط ان کے کیریئر کے لیے بہتر مواقع فراہم کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ کوربن بوش ابتدائی طور پر پی ایس ایل 10 میں پشاور زلمی کا حصہ تھے، لیکن بعد میں انہوں نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی فرنچائز ممبئی انڈینز کو جوائن کرنے کا فیصلہ کیا، جس پر پی سی بی نے برہمی کا اظہار کیا اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔
پی سی بی نے معاہدے کی خلاف ورزی پر بوش کے ایجنٹ کو نوٹس جاری کیا، جس کے جواب میں کرکٹر نے پیر کے روز اپنا مؤقف جمع کرایا۔
دوسری جانب کوربن بوش کی دستبرداری کے بعد پشاور زلمی نے آسٹریلیا کے مڈل آرڈر بیٹر مچل اوون کو اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے، 23 سالہ اوون نے حالیہ بگ بیش لیگ میں ہوبارٹ ہریکینز کی پہلی ٹائٹل فتح میں اہم کردار ادا کیا اور سڈنی تھنڈر کے خلاف فائنل میں تیز ترین سنچری بنا کر شہرت حاصل کی تھی۔
پشاور زلمی نے سوشل میڈیا پر ایک متحرک پوسٹر جاری کرتے ہوئے اعلان کیا کہ بوش سپلیمنٹری ڈرافٹ پک PSL 10 کے لیے زلمی اسکواڈ میں شامل ہو رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: ‘کرکٹرز اگر حلوہ پوری اور حلیم کھائیں گے تو کیسے کھیل پائیں گے’ وزیر کھیل سندھ
یاد رہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے 10ویں ایڈیشن کا آغاز 11 اپریل کو ہوگا، جس میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کا مقابلہ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں دو مرتبہ کی فاتح لاہور قلندرز سے ہوگا۔
6 ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ میں 34 میچز کھیلے جائیں گے، جو 11 اپریل سے 18 مئی تک جاری رہے گا۔ لاہور کا قذافی اسٹیڈیم 13 میچز کی میزبانی کرے گا، جن میں دو ایلیمینیٹر اور گرینڈ فائنل شامل ہوں گے، جب کہ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم 11 میچز کی میزبانی کرے گا، جس میں 13 مئی کو پہلا کوالیفائر بھی شامل ہے۔
کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم اور ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں 5، 5 میچز کھیلے جائیں گے۔
مزید یہ کہ 8 اپریل کو پشاور میں ایک نمائشی میچ بھی شیڈول ہے، جس کی ٹیموں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
ٹورنامنٹ میں تین ڈبل ہیڈرز ہوں گے، جن میں سے دو ہفتے کو جب کہ ایک لیبر ڈے (یکم مئی) کو کھیلا جائے گا۔