Follw Us on:

امن و خوشحالی کی دعا، صدر آذربائیجان کا شہباز شریف کو خصوصی خط

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی دوروں، ملاقاتوں اور روابط کو تعلقات میں اضافے کی واضح علامت قرار دیا۔ (فوٹو: گوگل)

یومِ پاکستان کے موقع پر صدرِ آذربائیجان الہام علیوف نے وزیرِاعظم شہباز شریف کو خصوصی خط لکھا، جس میں انہوں نے پاکستانی عوام اور حکومت کو دلی مبارکباد پیش کی۔

صدر علیوف نے اپنے خط میں پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تذویراتی شراکت داری اور باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

صدر آذربائیجان نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان معیشت، ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس، توانائی، سرمایہ کاری اور دفاعی صنعت سمیت مختلف شعبوں میں کامیاب مشترکہ کاوشیں انتہائی اہمیت رکھتی ہیں۔

انہوں نے عالمی امور پر پاکستان اور آذربائیجان کے یکساں مؤقف اور باہمی تعاون کو برادرانہ تعلقات کی علامت قرار دیا۔

صدر علیوف نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات جامع ترقی سے جڑے ہیں، جن کی بنیادیں مشترکہ ثقافتی اقدار، یکجہتی، احترام اور باہمی اعتماد پر قائم ہیں۔

انہوں نے دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی دوروں، ملاقاتوں اور روابط کو تعلقات میں اضافے کی واضح علامت قرار دیا۔

صدر علیوف نے گزشتہ ماہ وزیراعظم شہباز شریف کے آذربائیجان کے سرکاری دورے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس دوران ہونے والی ملاقاتیں باہمی اعتماد اور مفاہمت کی عکاس ہیں۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس دورے کے دوران ہونے والے معاہدے پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔

صدر آذربائیجان نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان روایتی دوستی اور تذویراتی شراکت داری اطمینان بخش ہے، جس سے برادرانہ تعلقات اور عوامی اتحاد مزید مضبوط ہوگا۔

انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کے لیے صحت اور کامیابی، جب کہ پاکستانی عوام کے لیے امن، خوشحالی اور ترقی کی دعا بھی کی۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس