نوشہرہ کے علاقے پبی میں محکمہ ایکسائز کے موبائل اسکواڈ پر فائرنگ سے 2 اہلکاروں سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
محکمہ ایکسائز کے مطابق نوشہرہ کے علاقے پبی کی حدود میں رات دو بجے ایکسائز موبائل اسکواڈ نے منشیات کی ممکنہ اسمگلنگ کی اطلاع پر ناکہ بندی کررکھی تھی کہ اس دوران ایک مشتبہ ڈبل کیبن گاڑی کو اہلکاروں نے رکنے کا اشارہ دیا جو نہ رکی، جس پر اہلکار گاڑی کا پیچھا کرتے ہوئے قریب پہنچے۔
پیچھا کرنے پر گاڑی سے اچانک فائرنگ شروع ہوگئی، جس کے نتیجے میں ایکسائز اسکواڈ کے اہکار کانسٹیبل افتخار اور مجاہد موقع پر جاں بحق ہو گئے، جن میں زخمی سب انسپکٹر فاروق کا ذاتی ڈرائیور بھی شامل ہے، جب کہ اسکواڈ کے انچارج سب انسپکٹر فاروق باچا شدید زخمی ہوئے اور انھیں فوری طور پشاور ایل آر ایچ منتقل کردیا گیا۔
مزید پڑھیں: ایران میں دہشت گردوں کا حملہ: باپ بیٹے سمیت 8 پاکستانی مزدور قتل
واضح رہے کہ سب انسپکٹر فاروق باچا کو 5 گولیاں لگیں اور وہ زخمی حالت میں گاڑی چلا کر پشاور اسپتال پہنچے۔
محکمہ ایکسائز کے مطابق پولیس لائنز پشاور میں محکمہ ایکسائز کے اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے، نماز جنازہ میں آئی جی کے پی ذوالفقارحمید، ڈی جی ایکسائز عبدالحلیم، سی سی پی او قاسم خان اور دیگر شریک ہوئے۔
دوسری جانب علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے اور حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔ پولیس نے افسوسناک واقعے کا مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش اور قانونی قاروائی شروع کردی ہے۔